امریکی شہری کا 44 انچ لمبے سینگوں والے مارخور کا شکار
شکاری نے 88 ہزار امریکی ڈالرز کے عوض شکار کا پرمٹ حاصل کیا۔
امریکی شہری ایڈورڈ جوزف ہڈسن نے پاکستان کے شمالی علاقے چترال میں پاکستان کے قومی جانور مارخور کا شکار کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لوئرچترال کے مطابق امریکی شہری ایڈورڈ جوزف ہڈسن نے لمبے سینگوں والے مارخور کا شکار چترال کے علاقے توشی شاشا میں سنیچر کے روز کیا ہے۔
An American citizen named Edward Joseph Hudson hunted down the longest horned Markhor in the Toshi Shasha conservation area in Chitral on Saturday, January 2, 2021. #KPWildlife pic.twitter.com/13kSVWFPai
— Deputy Commissioner, Lower Chitral (@DCLowerChitral) January 3, 2021
چترال میں ضلعی افسر برائے جنگلی حیات الطاف علی شاہ نے بتایا کہ شکار کیے گئے مارخور کی عمر 10 برس تھی جس کے سینگوں کی لمبائی 44 انچ تھی۔ امریکی شہری نے مارخور کے شکار کے لیے 88 ہزارڈالرز کے عوض پرمٹ حاصل کیا تھا جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1 کروڑ 41 لاکھ 8 ہزار 344 روپے بنتے ہیں۔
واضح رہے کہ 17 دسمبر 2020 کو امریکی شہری جوزف بریڈفورڈ نے توشی شاشا میں 39 انچ سینگ کے حامل مارخور کا شکار کیا تھا جس کے لیے انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے 1 کروڑ 31 لاکھ روپے میں پرمٹ حاصل کیا تھا۔
دنیا بھرمیں نایاب اور معدومی کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے لیے کام کرنے والے افراد نایاب جانوروں کے شکار کی مخالفت کرتے ہیں۔ اُن کا موقف ہے کہ خطیر رقم کے عوض اِن جانوروں کے شکار کی اجازت دینا نا صرف جانوروں پرظلم ہے بلکہ اِس سے اُن کی نسلوں کی بقا بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے بہن بھائیوں کی 1000 سال سے زائد عمریں