اسپتال میں آتشزدگی کے باوجود آپریشن سے مریض کی جان بچ گئی
اسپتال میں مریض کی اوپن ہارٹ سرجری کی جارہی تھی کہ اسی دوران عمارت میں آگ لگ گئی۔

روس کے ایک اسپتال کی عمارت میں آتشزدگی کے باوجود ڈاکٹرز نے ایک دل کے مریض کا آپریشن جاری رکھا اور مریض کی جان بچالی۔
روس کے شہر بلاگوویش چینسک کے ایک اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے عمارت میں موجود 16 مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ اسی اسپتال میں آتشزدگی کے وقت ایک سرجن اپنی ٹیم کے ہمراہ مریض کی اوپن ہارٹ سرجری کر رہے تھے۔ آپریشن کے دوران آتشزدگی کے علاوہ اسپتال کی عمارت کی بجلی بھی منقطع ہوگئی تھی۔ اس صورتحال میں ڈاکٹرز نے اپنی جان بچا کر بھاگنے کے بجائے مریض کی سرجری جاری رکھنے کو ترجیح دی۔
ایک طرف فائر بریگیڈ کے اہلکار آگ بجھانے میں مصروف تھے تو دوسری جانب ریسکیو ٹیم نے آپریشن تھیٹر میں ایک کیبل کے ذریعے بجلی فراہم کی تاکہ سرجری میں خلل پیدا نہیں ہو۔ سرجن ڈاکٹر ویلینٹن فلٹوف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آپریشن جاری رکھا اور کامیابی کی صورت میں مریض کی جان بچ گئی۔
یہ بھی پڑھیے
بلی اپنے بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی
کہا جارہا ہے کہ اسپتال میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی تھی لیکن فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے آتشزدگی پر جلد ہی قابو پالیا تھا۔ اس واقعے میں چند مریض کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے اس ہنگامی صورتحال میں آپریشن جاری رکھنے والی ٹیم کے لیے اسناد اور انعامات کا اعلان کیا ہے۔