برطانوی شہری نے 122ملین پاؤنڈز جیت لیے
2019 میں ایک برطانوی شہری نے 170 ملین پاؤنڈز کی لاٹری جیتی تھی جو اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔
ایک خوش قسمت برطانوی شہری نے 122 ملین پاؤنڈز کی ’یورو ملین‘ لاٹری جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق قومی ’کیملوٹ یوکے لاٹریز لمیٹڈ‘ کے فاتحین کے مشیر اینڈی کارٹر کا کہنا تھا کہ جمعے کی رات ’یورو ملین‘ کی قرعہ اندازی ہوئی تھی۔ اس لاٹری میں برطانوی شہری نے 122 ملین پاؤنڈز کا انعام جیت کر یو کے ’نیشنل لاٹری‘ کی تاریخ کے 5 ویں بڑے فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
’کیملوٹ یوکے لاٹریز لمیٹڈ‘ کے منتظمین کا کہنا تھا کہ یہ اتنی بڑی رقم ہے جس سے آپ اپنے تمام خواب پورے کر سکتے ہیں۔
منتظمین کی جانب سے لاٹری کے فاتح کی شناخت ظاہر کیے بغیر کہا گیا تھا کہ ہمیں اس جیک پاٹ کے فاتح کا دعویٰ موصول ہوگیا ہے اور اب لاٹری کے قواعد و ضوابط کو یقینی بنانے کے لیے ٹکٹ کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے
روزنامہ جنگ میں رشتے کا اشتہار، حقیقت یا اپریل فول؟
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ برطانیہ میں رواں سال ’یورو ملین‘ کی دوسری قرعہ اندازی ہے۔ اس سے پہلے ایک اور برطانیہ کے شہری نے ہی 39 ملین پاؤنڈز کا انعام جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔
ہر سال دنیا بھر میں موجود برطانوی شہری ’یورو ملین‘ میں اپنی قسمت آزماتے ہیں تاکہ راتوں رات ایک اور برطانوی دولت مند لوگوں کی فہرست میں شامل ہوجائے۔
برطانوی اخبار ’سنڈے ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق 122 ملین پاؤنڈز کی لاٹری جیتنے والے برطانیہ کی امیر ترین شخصیات کی فہرست میں 976 ویں نمبر آگئے ہیں اور اُن کے اثاثوں کی مالیت آنجہانی لیڈی ڈیانا کے بھائی ارل سپنسر سے زیادہ ہوگئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 2019 میں ایک برطانوی شہری نے 170 ملین پاؤنڈز کی ’یورو ملین‘ لاٹری جیتی تھی جو اب تک کی سب سے بڑی جیت تھی۔