پاکستانی فضائیہ کے انڈین مداح پشپندر سنگھ چوپڑا کرونا کے شکار

پاک فضائیہ کے مداح اور پاک فضائیہ پر کتاب کے خالق ایوی ایشن رائٹر اور صحافی پشپندر سنگھ چوپڑا انڈیا کے شہر دلی میں انتقال کرگئے۔

 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشہور ایوی ایشن رائٹر و صحافی پشپندر سنگھ چوپڑا کی موت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

پشپندر سنگھ چوپڑا  نےدہلی میں 77 سال کی عمر میں کرونا کی وباء کے باعث وفات پائی۔ وہ ایوی ایشن  کے موضوع پر لکھنے والے ایک منجھے ہوئے صحافی تھے جو اپنے بےلاگ تجزیوں کی وجہ سے مشہور تھے۔

وہ پاک فضائیہ کے بہت بڑے مداح تھے۔ انہوں نے1991 میں راوی رائکے اور پیٹر سٹینمین کے ہمراہ پاک فضائیہ پر ایک جامع کتاب ’فضائیہ سائیکی آف پاکستان ائیر فورس‘ تحریر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

نریندرہ مودی کو صحت اور سیاست کے میدان میں مشکلات کا سامنا

پشپندر سنگھ چوپڑا کی ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے دورے کے موقع پر پاک فضائیہ کے افسروں کے ہمراہ یادگار تصویر

وہ سنی بینک مری میں پیدا ہوئے اور بچپن لاہور میں گزارا جس کے بعد ان کا کنبہ ہندوستان منتقل ہوگیا۔2000 میں انہوں نے پاک فضائیہ کے مہمان کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ائیر مارشل نور خان نے ان کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ایک عشا ئیہ بھی دیاتھا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے ان کے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ایوی ایشن صحافت کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر پشپندر سنگھ کے نقظہ نظر اور وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر