یوٹیوبر مبشر صدیق مداحوں سے تنگ

فوڈ ولاگر کے مطابق ان کی غیرموجودگی میں لوگ ان کے اہل خانہ کو تنگ کرکے انٹرویوز لیتے ہیں۔

پاکستان میں کھانوں پر ولاگ بنانے والے یوٹیوبر مبشر صدیق نے اپنے مداحوں سے التجا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی نجی زندگی کا خیال رکھتے ہوئے ان سے ملنے نہ آئیں، انہوں نے کہا کہ ان کی غیرموجودگی میں لوگ ان کے اہل خانہ کو تنگ کرکے ان سے انٹرویوز لیتے ہیں۔

سیالکوٹ کے گاؤں کنگڑا سے تعلق رکھنے والے مبشر صدیق کے یوٹیوب چینل “ولیج فوڈ سیکریٹس” پر  32 لاکھ سے زائد سبسکرائبر ہیں۔ یوٹیوبر اپنے مداحوں کو دیہاتی کھانوں کی تراکیب سمیت ان کی زندگی کے بارے میں بتاتے ہیں۔

یوٹیوبر مبشر صدیق نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک چھوٹی ویڈیوز شیئر کی ہے جس میں وہ لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ ان کی نجی زندگی میں مداخلت سے اجتناب برتیں۔ 30 سیکنڈ کی ویڈیو میں مبشر صدیق نے لوگوں سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص ان سے ملنے کے لئے نہ آئے، اگر کسی کو یہ بات بری لگی تو وہ اس پر معافی مانگتے ہیں۔

مبشر صدیق کا کہنا تھا کہ کچھ خواتین یوٹیوبر ان کی غیرموجودگی میں ان کے گھر گئیں، جہاں انہوں نے ان کی والدہ، بہن اور بہانجی کی ویڈیوز بنا کر اپنے چینل پر شیئر کردی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی نجی زندگی پر بات کرنے پر انہیں کوئی پریشانی نہیں لیکن فیملی کی ویڈیوز بنا کر اپلوڈ کرنا نامناسب عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بھکر کے معروف یوٹیوبر امداد کے نام پر فراڈ کرنے لگے

ویڈیو پر مبشر صدیق کے مداحوں نے ان کے بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگوں کی نجی زندگی کا خیال رکھنا چاہیے اور کوئی ایسا عمل ہرگز نہ کیا جائے جس سے کسی کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ کچھ صارفین ان کے معافی مانگنے کے انداز پر بھی مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔

Facebook Comments Box