محبت کے جھانسے میں آکر بھارت پہنچنے والی پاکستانی طالبہ اقرا جیوانی گرفتار

حیدر آباد کی رہائشی 16 سالہ اقرا جیوانی کی آن لائن گیم لڈو پر بھارتی شہری سے دوستی ہوئی تھی، پہلے سے شادی شدہ26سالہ سیکیورٹی گارڈ ملائم سنگھ یادیو نے خود کو مسلمان آئی ٹی منیجر ظاہر کرکے اقرا کو کراچی سے براستہ دبئی نیپال بلوایا اور شادی کرکے بنگلور لے گیا

حیدرآبادکی رہائشی انٹر کی طالبہ اقرا جیوانی سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرنے والے ہندوشہری کے محبت کے جھانسے میں آنے کے بعد بھارت پہنچ کر گرفتارہوگئی۔

پہلے سے شادی شدہ26سالہ  بھارتی شہری ملائم سنگھ یادیو نے خود کو مسلمان آئی ٹی منیجر ظاہر کرکے 16/17سالہ طالبہ کو محبت کے جھانسے میں پھنسایا ۔

اقرا جیوانی کی آئن لائن لڈو کھیلتے ہوئے ملائم سنگھ یادیو سے دوستی ہوئی؟

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈپٹی کمشنر آف پولیس وائٹ فیلڈ ایس گریش نے بتایا کہ بنگلورو  کی  نجی کمپنی میں سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرنےوالے ملائم سنگھ یادیو کی لڈو کے آن لائن گیم پر پاکستان  کے شہر حیدرآباد کی رہائشی نابالغ لڑکی اقرا جیوانی سے دوستی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

مہدی علی کاظمی کی فریاد سن لی گئی، بچی عارضی طور پر والدین کے سپرد

دعا زہرہ کی طرح کراچی سے اغوا ہونے والی 12 سالہ بچی پنجاب سے بازیاب

بھارتی شہری نےخو د کو مسلمان آئی ٹی منیجر ظاہرکرکے  پاکستانی طالبہ اقرا جیوانی کو محبت کے جھانسے میں پھنسایا اور شادی کیلیے بنگلور بلایا۔ بنگلورو پولیس نے پیر کو کہا کہ انہوں نے 26 سالہ شخص کو لڑکی کو غیر قانونی طور پربھارت  لانے اور بنگلور شہر میں ساتھ رکھنے پر گرفتارکیا ہے۔ ملزم اتر پردیش کا رہنے والا ہے، بنگلور میں سیکیورٹی گارڈ  کی نوکری کرتا ہے۔

بھارتی انٹیلی جنس بیورو نے لڑکی کی کال ٹریس کرکے اس کا سراغ لگایا

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم ملائم سنگھ یادیو  پاکستانی طالبہ کو نیپال سے بہار لایا اور پھر وہاں کچھ ماہ رہنے کے بعد چند دنوں قبل ہی بنگلور پہنچا تھا جہاں اس نے لڑکی کا نام راوا یادھو ظاہر کرکے اس کا راشن کارڈ بھی بنوالیا تھا اور بھارتی پاسپورٹ کے لیے اپلائی کردیا تھا تاہم لڑکی موبائل فون کے ذریعے پاکستان میں اپنے والدین نے سے رابطہ کیا تو وہ بھارتی انٹیلی جنس بیورو اس کا سراغ لگاکر حساس اداروں کومعاملے سے آگاہ کیا اور یوں جوڑا پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق بھارتی شہری نے گزشتہ سال ستمبر میں لڑکی کو نیپال کے راستے بھارت لانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ یہ جوڑا بنگلور پہنچنے کے بعد بیلندرو پولیس اسٹیشن کی حدود میں مزدوروں کے کوارٹر میں رہائش پذیر تھا۔

ملائم سنگھ یادیو اور مکان مالک کیخلاف مقدمات درج

بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی کو فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ ملائم سنگھ یادیو کیخلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420(دھوکہ دہی)، 495(شادی چھپانے)،468(جعل سازی) اور 471(جعلی دستاویزات ) کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ کوارڈر کے مالک گووندا ریڈی کیخلاف بھی  غیر ملکی شہری کو غیرقانونی طور پر پناہ دینے پرفارنرز ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

اقرا جیوانی کےوالد نے ستمبر میں بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا

روزنامہ جنگ کے مطابق  حیدرآباد کے سٹی تھانے میں 19ستمبر 2022 ء کو سرے گھاٹ شاہی بازار کے رہائشی کپڑے کے تاجر محمدسہیل جیوانی ولد محمد رفیق نے کرائم نمبر 2022/86زیردفعہ 365/Bکے تحت درج کرائے گئے مقدمہ میں کہا تھا کہ اسکی بیٹی سولہ ، سترہ سالہ بیٹی اقرا، جوکہ انٹر کی طالبہ ہے اور ایف جی کالج کینٹ میں زیرتعلیم ہے‘ 19ستمبر 22ءکی صبح معمول کے مطابق گھرسے کالج گئی تھی ، وہ 12سے ایک بجے تک واپس آتی تھی لیکن گھر نہیں پہنچی جسکے بعد اپنے بھائیوں اوررشتہ داروں کی مدد سے تلاش شروع کی لیکن کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

 لڑکی کے باپ نے موقف اپنایا تھاکہ بیٹی گھرسے اپنا پاسپورٹ اورایک موبائل سم بھی ساتھ لیکر نکلی ہے ، خدشہ ہے کہ بیٹی کو نامعلوم افراد نے ورغلاکر جنسی زیادتی کی نیت سے اغوا کیاہے۔ سٹی تھانے میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس نے اقراکی تلاش شروع کی تھی لیکن اس کاکوئی سراغ نہ مل سکا ۔

اقرا جیوانی حیدرآباد سے نیپال کیسے پہنچ گئی؟

ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل لڑکی  کا بھارت سے والدین کو فون آیا تھاجس پر گھروالوں کو اس کے انڈیا میں ہونے کا پتہ چلا جس پر سہیل جیوانی نے ایف آئی اے امیگریشن اورہیومن اسمگلنگ کے افسران سے رابطہ کیا جس پر ابتدائی تفتیش کے بعد انکشاف ہوا کہ اقراحیدرآباد سے کراچی پہنچی اور وہاں سے دبئی پہنچی تھی جہاں سے وہ نیپال پہنچی جہاں اسے بھارتی نوجوان ملائم سنگھ یادیو نے ریسو کیا اور خود کوایک آئی ٹی کمپنی کا منیجر اور مسلمان ظاہر کیا اوراس سے نیپال میں ہی شادی کرلی جبکہ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملائم یادیو کسی کمپنی میں سیکورٹی گارڈ ہے ۔

ایف آئی اے کا لڑکی کے والدین اور وزارت خارجہ سے رابطہ

اس حوالے سے ڈائریکٹر  فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے  جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ لڑکی والدین سےرابطے میں تھی، اقرا کے کیس میں متعلقہ افراد سے باقاعدہ  ابھی کوئی رابطہ نہیں ہوا، کیس سامنے آنے پر محکمہ خارجہ سے رابطہ کیا ہے، اقرا کے کیس میں جہاں ضرورت ہوئی مدد کی جائےگی۔

متعلقہ تحاریر