پاکستان میں مہنگائی کا طوفان ،امارات میں رمضان پر بڑی رعایت کا اعلان

امارات بھر کی سپر مارکیٹوں اور ہائپر اسٹورز میں پورے رمضان 10 ہزار سے زائد اشیائے خورو نوش 75 فیصد تک رعایتی نرخوں پر فروخت کی جائیں گی۔

پاکستان میں رمضان کی آمد سے قبل جہاں مہنگائی کا طوفان ہے وہاں  امارات بھر میں ہائپرمارکیٹس اور سپر مارکیٹس میں ہزاروں اشیا پربڑی رعایت کا اعلان کردیاگیا ہے۔

برصغیر پاک و ہند اور خلیجی ممالک میں رواں سال 23 مارچ سے ماہ مبارک کا آغاز ہونے کاامکان ہے۔ اس حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

رمضان المبارک سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا نیا طوفان آگیا

رمضان سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی 115 روپے کلو مہنگا

پنجاب کی نگراں حکومت نے جہاں رمضان المبارک میں غریبوں کو مفت آٹادینے کا اعلان کیا ہے وہاں  متحدہ عرب امارات میں تمام ہائپر مارکیٹس اور سپرمارکیٹس میں ہر خاص و عام کیلیے بڑی رعایت کا اعلان کردیا گیا ہے۔

امارات بھر کی سپر مارکیٹوں اور ہائپر اسٹورز میں پورے رمضان 10 ہزار سے زائد اشیائے خورو نوش 75 فیصد تک رعایتی نرخوں پر فروخت کی جائیں گی۔

امارات میں 97 ہائپر مارکیٹس کی چین”لولو“ نے برقی آلات،گھریلو آلات سمیت منتخب اشیائے ضروریہ پر 60 فیصد تک رعایت کا اعلان کیا ہے  جبکہ 200سے زائد اشیا  کی قیمت کو پورے رمضان منجمد رکھنے کابھی اعلان کیا ہے۔

اسی  طرح یونین کووپ نے بھی رمضان المبارک سے قبل 10 ہزار اشیا کی قیمتوں پر 75 فیصد تک رعایت کا اعلان کردیا۔اسی طرح سپر مارکیٹس کی ایک اور بڑی چین  کیئر فور  کے مالک ماجد الفتیم نے بھی اپنے تمام اسٹورز میں6ہزا راشیا پر 50 فیصد تک رعایت کا اعلان  کیا ہے جبکہ رمضان میں خریداروں کی طلب پوری کرنے کیلیےاسٹاک میں 15 فیصد اضافے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں۔

العادل ٹریڈنگ نے بھی رمضان المبارک کے موقع پر 45 روزہ رعایتی مہم شروع کردی ہےجو رمضان المبارک سے 15 روز قبل شروع ہوکر ماہ مبارک کے بعد بھی چند روز تک جاری رہے گی۔اس دوران رائس پاؤڈر ،چینی ،مشروبات اور سبزیوں سمیت 400اشیا پر 50 فیصد تک رعایت کا اعلان کیاگیا ہے۔

اسی طرح  امارات بھر میں 50 سپر مارکیٹ چلانے پر المایا گروپ نے بھی یکم مارچ سے 45 روز رعایتی مہم شروع کررکھی ہے جس میں 480مصنوعات پر تقریباً 30 فیصد رعایت دی جارہی ہے۔

 دوسری جانب پاکستان میں رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کے سونامی نے ہر طرف تباہی مچارکھی ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 41 فیصد تک جاپہنچی ہے۔آٹا، چاول،چائے کی پتی ،سبزیوں،پھلوں ،مرغی کے گوشت ،گھی اور خوردنی تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں   جس نے غریبوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

متعلقہ تحاریر