مولانا ہدایت الرحمان سپریم کورٹ سے ضمانت کی منظوری کے 5روز بعد بھی قید

سیشن عدالت نے سپریم کورٹ کا حکم نامہ موصول نہ ہونے پر مولانا کو جوڈیشل لاک اپ کردیا، 5 روز بعد بھی سپریم کورٹ کا فیصلہ سیشن کورٹ نہیں پہنچا، یہ انصاف ہے؟ مولانا ہدایت الرحمان کا احتجاجاً ضمانتی مچلکے جمع نہ کرنے کا اعلان

گوادر کی حق دو تحریک کے بانی اور جماعت  اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمان سپریم کورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے باوجود رہا نہ ہوسکے۔

گوادر کی سیشن عدالت نےضمانت منظور ہونے کے5 روز بعد سپریم کورٹ کے احکامات  موصول نہ ہونے  پر  مولانا ہدایت الرحمان کو پیشی کےبعد واپس جوڈیشل لاک اپ بھجوادیا۔

یہ بھی  پڑھیے

سپریم کورٹ کا مولانا ہدایت الرحمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

گوادر میں حق دو تحریک کے بانی مولانا ہدایت الرحمان کیخلاف قتل کا مقدمہ درج

 

پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ نے 18 مئی کو ضمانت پر رہائی کا فیصلہ سنایا تھا لیکن پانچ دن گزر گئے، اب تک سپریم کورٹ کا فیصلہ سیشن کورٹ نہیں پہنچ سکا۔

انہوں نے کہا کہ” کہتے ہیں ٹیکنالوجی کا دور ہے، دنیا گلوبل ولیج بن  گئی  ہے، انسان نے چاند پر قدم رکھ دیا ہے، حکمرانوں کی  اس ترقیافتہ دور کی باتیں سن سن کر ہمارے  کان پک گئے ہیں،اس جدید ٹیکنالوجی کے دور میں سپریم کورٹ کا فیصلہ سیشن کورٹ میں 5 دن میں نہیں پہنچا، پتہ نہیں سپریم کورٹ نے فیصلہ لکھا بھی ہے کہ نہیں لکھا۔

انہوں نے سوال کیا کہ پانچ دن بعد بھی سپریم کورٹ کا فیصلہ سیشن کورٹ نہیں پہنچا یہ انصاف ہے؟ایسے انصاف ملے گا؟ بندکریں عدالتوں کے یہ دھندے،ایک ملزم قانون اورآئین کو مان کر آپ کے دروازے پر آتاہے اور 5 دن تک آپ کا حکم نہیں پہنچتا یہ انصاف ہے؟

ان کا کہنا تھاکہ میں نے اپنے وکیل سے کہا ہے کوئی مچلکہ اور درخواست جمع مت کرو، یہ آج بھی مجھے صبر  کی تلقین کررہے ہیں، میں ساڑھے4 ماہ سے جیل میں صبر کررہاہوں ،آپ کے آئین کو مانتا ہوں، عدالتوں کے چکر لگا رہا ہوں، قتل کے ایک جھوٹے مقدمے میں ساڑھے 4 ماہ سے جیل میں ہوں، صبر کر  رہا ہوں لیکن 5 دن میں سپریم کورٹ کا فیصلہ سیشن کورٹ نہیں پہنچا اور کہتے  ہیں ٹیکنالوجی کا دور ہے، یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے؟ میں تمہارے اس نظام پر لعنت  بھیجتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ میں سپریم کورٹ کے معزز ججز سے سوال کرتا  ہوں کہ آپ کے حکم کے بعد مجھے 5 روز تک قید رکھا گیا ہے، کیا یہ ظلم نہیں ہے؟انہوں نے کہاکہ آپ ہمیں انگریزی کا قول سناتے  ہیں کہ انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔

متعلقہ تحاریر