سراج قاسم تیلی انتقال کر گئے
ملک کی معیشت میں بہتری لانے کی کوششوں پر اُن کی خدمات کے اعتراف میں سابق صدر آصف علی زرداری نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔
ملک کے مشہور اور اعلی ساکھ کے حامل صنعتکار اور بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی دبئی میں انتقال کرگئے ہیں۔
سراج قاسم تیلی کو نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ دبئی میں زیرِ علاج تھے۔ زرائع کا کہناہے کہ اُن کے صاحبزادے کو بھی کرونا ہے اور وہ بھی زیرِ علاج ہیں۔
ملک کی معیشت میں بہتری لانے کی کوششوں پر اُن کی خدمات کے اعتراف میں سابق صدر آصف علی زرداری نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔
سندھ کے وزیر اعلی، گورنر سندھ اور ملک بھر کی مقتدر شخصیات نے اُن کے انتقال پر دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
سراج قاسم تیلی نے 1974 میں کراچی میں کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ وہ 2003 میں کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ اِس کے علاوہ وہ پاکستان بیوریجز لمیٹڈ یعنی پیپسی کولا کے پاکستان میں ڈائریکٹر تھے۔
سراج قاسم تیلی ٹیکسٹائل اور انرجی سیکٹر میں بھی قدم جما چکے تھے۔ گل احمد انرجی، لطیف کاٹن ملز لمیٹڈ اور پاکولا پراڈکٹس لمیٹڈ ان کے کاروبار میں شامل ہیں۔
نہوں نے بزنس کمیونٹی کے نمائندے کی حیثیت سے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری تنظیموں کے بورڈ پر خدمات انجام دیں۔ ان میں سائٹ لمیٹڈ ، لینڈ یوٹیلیٹیشن ، پورٹ قاسم اتھارٹی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ ، ورکرز ویلفیئر فنڈ ، کے الیکٹرک ، کے پی ٹی اور بہت سارے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔
سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زبیر موتی والا نے نیوز360 سے گفتگو میں سراج قاسم تیلی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ سراج قاسم تیلی جیسی قائدانہ صلاحیتیں ہرانسان میں موجود نہیں ہوتیں۔ ایسے لوگ نایاب ہوتے ہیں۔‘‘