پاکستان کرکٹ ٹیم کووڈ سے نکلی تو انجری میں اٹکی

بابر اعظم انجری کے باعث ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ جبکہ امام الحق کے انگوٹھے میں بھی فریکچر ہوگیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔ کووڈ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اب کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان اور اوپننگ بیٹسمین امام الحق زخمی ہوگئے ہیں۔

کپتان انجری کی وجہ سے ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جس سے ٹیم کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ بابر اعظم کی عدم موجودگی سے پاکستان کی بیٹنگ پر برا اثر پڑے گا۔

نیوزی لینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی لینڈنگ دراصل پریشانیوں کی لینڈنگ ثابت ہوئی۔ پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ اپنے آغاز سے قبل ہی سرخیوں میں رہا تھا لیکن تمام غلط وجوہات کی بناء پر۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے قرنطینہ کی خلاف ورزی کی تھی۔ جس کے بارے میں نیوزی لینڈ کی حکومت نے خبردار کیا تھا۔

پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کی حکومت نے متنبہ کیا تھا۔ قومی ٹیم کو کہا گیا تھا کہ اگر وہ قرنطینہ کی احتیاط کی پابندی نہیں کریں گے تو انہیں واپس بھیج دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

پاک نیوزی لینڈ میچز کھٹائی میں پڑ گئے

بعدازاں پاکستانی اسکواڈ میں شامل چند ممبران کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ جس کے بعد پاکستان کی ٹیم کو انڈور اور آؤٹ ڈور پریکٹس سے روک دیا گیا تھا۔

تاہم سیریز سے قبل پاکستانی اسکواڈ کا کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں پریکٹس سیشن کرانے کی اجازت دی گئی۔ جس کے بعد ٹیم کے اہم کھلاڑی زخمی ہوگئے۔

بابر اعظم انجری کے باعث ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ جبکہ امام الحق کے انگوٹھے میں بھی فریکچر ہوگیا ہے۔

دریں اثناء پاکستان کے ٹی ٹونٹی کے نائب کپتان شاداب خان بھی پریکٹس میچ کے دوران انجری کا شکار ہوچکے ہیں۔

زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی انہیں اسی طرح کی انجری کا سامنا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کا آغاز 18 دسمبر کو پہلے ٹی 20 میچ سے ہونا ہے۔ دوسرا اور تیسرا میچ 20 اور 22 دسمبر کو طے ہے۔ جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر، اور دوسرا 3 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

دورہ نیوزی لینڈپرقومی ٹیم مشکلات کا شکار کیوں؟

 دونوں ٹیموں کا اب تک 21 مرتبہ ٹی 20 فارمیٹ میں آمنا سامنا ہو چکا ہے۔ 13 میچز میں پاکستان نے فتح حاصل کی، اور 8 نیوزی لینڈ نے جیتے ہیں۔

پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ اسکور 201 ہے جو پاکستان نے 48 رنز سے 2018ء میں جیتا تھا۔ جبکہ قومی ٹیم کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے کم سکور 101 ہے جس میں پاکستان کو 95 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

متعلقہ تحاریر