میسی کو کوپا امریکا جتوا کر خود کو عظیم فٹبالر ثابت کرنا ہوگا

فیس بک پر میسی کی تصویر کو محض 22 گھنٹوں میں 30 لاکھ سے زائد صارفین نے پسند کیا۔

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو اپنے کیریئر کے اختتام پر ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ کوپا امریکا ممکنہ طور پر میسی کا آخری ٹورنامنٹ ہوسکتا ہے اور انہیں یہ ٹروفی جیت کر خود کو عظیم فٹبالر ثابت کرنا ہوگا۔

دنیا بھر میں لیونل میسی کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی مداح میسی پر جان چھڑکتے ہیں۔ پچھلے دنوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر میسی نے اپنی پروفائل پکچر لگائی جس نے فیس بک پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی تصویر کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ میسی کی تصویر کو محض 22 گھنٹوں میں 30 لاکھ سے زائد صارفین نے پسند کیا۔ اس سے پہلے یہ اعزاز سابق امریکی صدر باراک اوباما کی تصویر کو حاصل تھا۔

یہ بھی پڑھیے

سرجیو اگیورو لیونل میسی کی ٹیم بارسلونا ایف سی کے ساتھ منسلک

سوشل میڈیا پر مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والے لیونل میسی اپنے کیریئر میں ارجنٹینا کو ورلڈ کپ تو نہ جتوا سکے لیکن اب انہیں میدان میں بھی کچھ کر کے دکھانا ہوگا۔ کوپا امریکا ممکنہ طور پر لیونل میسی کا آخری ٹورنامنٹ ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے میسی کے لیے اپنی ٹیم کو یہ ٹروفی جتوا کر خود کو عظیم فٹبالر ثابت کرنا بہت ضروری ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ کرونا کی تیسری لہر کے بعد ارجنٹینا نے کوپا امریکا کی میزبانی سے معذرت کرلی تھی۔ ٹورنامنٹ کی میزبانی اب برازیل کو سونپ دی گئی ہے۔ 13 جون سے 10 جولائی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں جنوبی امریکا کے ممالک کی 10 ٹیمز سمیت قطر اور آسٹریلیا کی ٹیمز بھی بطور مہمان شرکت کریں گی۔

متعلقہ تحاریر