انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار بھکر کا ایدھی نوجوان
شہر میں نومولودوں کے تحفظ کے لیے جھولے لگا دیئے گئے ہیں۔

انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار بھکر کا نوجوان عبد الستار ایدھی کے نقش قدم پر چلنے لگا۔ شہر میں نومولودوں کے تحفظ کے لیے جھولے لگا دیے گئے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ خدمت خلق وہ عبادت ہے جو ہر وقت ادا کی جاسکتی ہے اور بھکر کے نوجوان فہیم احمد اس راہ پر چل پڑے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک دن صبح کے وقت اسے کتے کے منہ میں معصوم بچے کے اعضاء نظر آئے، انہوں نے وہ اعضاء کتے سے چھڑوا کر دفن کیے اور فیصلہ کیا کہ اب وہ ان معصوم بچوں کے تحفظ کے لیے آگے بڑھیں گے اور ان کی پرورش کریں گے۔
نوجوان فہیم احمد نے لاوارث بچوں کے تحفظ کے لیے اب شہر کے مختلف مقامات پر جھولے لگا دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ لوگ معصوم بچوں کو کوڑے کے ڈھیر میں پھینکنے یا قتل کرنے کے بجائے جھولوں میں چھوڑ دیں جہاں ان کی زندگی محفوظ ہو۔
یہ بھی پڑھیے
فلسطینی بچے کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کر رہے ہیں
بھکر کے شہریوں کا کہنا ہے کہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار فہیم احمد کا کام قابل تعریف ہے جوکہ ایدھی صاحب کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ شہریوں نے معاشرے میں بچوں کو کوڑے کے ڈھیر میں پھینکنے کی روایت کی حوصلہ شکنی کے لیے مہم چلانے کی بھی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ بھکر کے رہائشی فہیم احمد خان بنیادی طور پر ایک میڈیکل اسٹور چلاتے ہیں۔