وزیراعظم کی قوم کے نام نئی خوشخبری

عمران خان کا کہنا ہے لاہور سے دو گنا بڑے کینسر اسپتال کا افتتاح آئندہ برس دسمبر میں کردیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم کو نئی خوشخبری سناتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی کے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح اگلے سال دسمبر میں کردیا جائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ "کراچی میں اسپتال کی تعمیر معمول کے مطابق جاری ہے۔ آئندہ برس افتتاح کے لیے پوری طرح تیار ہوگا۔”

یہ بھی پڑھیے

ایک اور نیازی وزیراعظم کے عہدے کےلیے نامزد

وزراعظم نے ٹوئٹر پیغام میں مزید لکھا ہے کہ "انشاءاللہ۔ کراچی کا یہ شوکت خانم لاہور کے اسپتال سے دوگنا بڑا اور جدید ترین سامان و آلات سے لیس ہوگا۔”

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان ساری دنیا سے چندہ جمع کرکے بڑے بڑے پروجیکٹ کو مکمل کررہےہیں۔ لاہور کے شوکت خانم اسپتال کے لیے چندہ مہم کا آغاز عمران خان نے 10 دسمبر 1989 کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک میچ کے دوران کیا۔ ان کی اپیل پر شائقین کرکٹ نے بھرپور طریقے سے تعاون کرتے 29 لاکھ 2 ہزار 600 روپے کا چندہ جمع کیا۔

25 اپریل 1991 کو شوکت خانم میمورئل ٹرسٹ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ 4 سال کے عرصے میں تیار ہونے والے پہلے کینسر اسپتال کا افتتاح 29 دسمبر 1994 کو کیا گیا۔ اسپتال کی تعمیر پر 67 کروڑ 70 لاکھ روپے لاگت آئی تھی۔ 23 کروڑ 10 لاکھ روپے اسپتال کی عمارت پر خرچ ہوئے ، آلات جراحی پر خرچہ 31 کروڑ 40 لاکھ روپے آیا تھا جبکہ دیگر تنصیبات پر خرچہ 13 کروڑ 20 لاکھ روپے آیا تھا۔

شوکت خانم میمورئل ٹرسٹ اسپتال کراچی کا سنگ بنیاد عمران خان نے 29 دسمبر 2016 میں ڈیفنس فیز فائیو میں رکھا تھا۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم میمورئل ٹرسٹ اسپتال پشاور کا سنگ بنیاد 9 مارچ 2013 میں رکھا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اسپتال کی تعمیر 3 سالوں میں مکمل ہو گی اور اس پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ کینسر اسپتال پشاور کا باقاعدہ افتتاح 29 دسمبر 2015 کو کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر