انڈین پریمیئر لیگ کا حصہ کرس گیل پاکستان آرہے ہیں

دنیائے کرکٹ کے باس آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کا حصہ ہیں۔

پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سیکورٹی کا بہانہ بنا کر دورہ منسوخ کرتے ہوئے وطن واپس لوٹ گئی۔ عالمی شہرت یافتہ اور پاکستان میں ہردلعزیز کرکٹر کرس گیل نے پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل نے لکھا ہے کہ "میں کل پاکستان جارہا ہوں میرے ساتھ کوئی آئے گا۔

یہ بھی پڑھیے

نیوزی لینڈ کے خلاف بین الاقوامی کھلاڑی پاکستان کے حق میں بول پڑے

کرس گیل کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہی ہے اور پاکستانی شائقین کرکٹ کرس گیل کی پاکستان سے محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ بائیں سے کھیلنے والے کرس گیل کا ٹوئٹر پیغام #UniverseBoss #ChrisGayle جیسے ہیش ٹیگ میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

 

عالمی شہرت یافتہ کرکٹر کرس گیل کی جانب سے پاکستان آنے کے اعلان کے بعد وطن عزیز کے مایہ ناز گلوکار عاصم اظہر نے انہیں بریانی سے تواضع کرنے کی پیش کش کی ہے۔

 

کرس گیل کے اعلان کے جواب  میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ "میرے بھائی ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں آپ اپنے گھر آرہے ہیں۔”

پاکستان کرکٹ ٹیم فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کرس گیل کے ٹوئٹر پیغام کے جواب میں لکھا ہے کہ "عظیم کرکٹر آپ سے وہیں ملیں گے۔”

خیال رہے کہ رواں برس ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 6 میں کرس گیل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ” کرس گیل اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمیشہ کا ساتھ۔”

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ "کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان میں نمائشی میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں تاکہ دنیا کو مضبوط پیغام دیا جائے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔”

ندیم عمر نے مزید لکھا ہے کہ ” کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دستیاب ملکی اور غیرملکی کرکٹر سے نئی امید لانے کی کوشش کرے گا۔ ہماری دیگر فرنچائز بھی اسی پیرائے میں سوچ رہی ہیں۔”

دنیائے کرکٹ میں باس کے نام سے مشہور کرس گیل متحدہ عرب امارات میں ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ میں پنجاب کنگز کا حصہ ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ کرس گیل اپنے اعلان کردہ پیغام کے بعد شائقین کرکٹ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختصر دورے پر پاکستان آئیں گے۔

Facebook Comments Box