ملک بھر میں آٹے کے دام بے لگام، 20کلو کا تھیلا 80 روپے مہنگا

کراچی میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت 1440 روپے تک پہنچ گئی۔

ملک بھر میں آٹے کے دام بے لگام ہو گئے ہیں۔ ایک ہفتے کے اندر آٹا  3 سے 4 روپے فی کلو مہنگا ہوگیا ہے جس کے باعث 20 کلو آٹے کا تھیلا 80 روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے، اہلیان کراچی ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ملک بھر میں آٹے کے یکایک بڑھتے دام نے مہنگائی کے مارے عوام کی مشکل دہری کردی ہیں۔ ملک میں آٹے کی قیمت کو پر لگ گئے اور ملک بھر میں گزشہ ایک ہفتے میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 80 روپے تک مہنگا ہوگیا، خاص طور پر کراچی کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، گل مینے خان آپے سے باہر

پاکستان شماریات بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق اہلیان کراچی کے لیے ملک میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا فروخت کیا جا رہا ہے اور کراچی میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت 1440 روپے تک پہنچ گئی۔

ایک ہفتے میں کراچی میں آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 40 روپے مہنگا ہوا۔ پاکستان شماریات بیورو کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ گزشتہ ایک ہفتے میں خضدار میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 80 روپے مہنگا ہوا اور  خضدار میں آّٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1280 روپے ہوگئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 60 روپے مہنگا ہو کر 1300 روپے کا ہوگیا۔

حیدرآباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 40 روپے اضافے کے ساتھ 1360 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق راولپنڈی میں آٹے کا تھیلا 1330 روپے تک پہنچ گیا۔ سکھر  میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 1260 روپے تک کا ہوگیا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 1240 روپے تک پہنچ گیا ہے اور اسلام آباد میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 1280 روپے کا بک رہا ہے ۔

لاہور اور ملتان میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 1220 روپے تک جا پہنچا ہے۔

عوام کہتے ہیں کہ آٹا مہنگا ہونے سے گھریلو بجٹ پر اثر پڑ رہا  ہے اور محدود آمدن والا طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔

Facebook Comments Box