چینی کمپنی کے دیوالیہ ہوتے ہی دنیا کی اسٹاک مارکیٹیں ہل گئیں

چینی کمپنی کے دیوالیہ ہونے کے بعد عالمی منڈی میں بھی غیریقینی کی صورتحال پیداہوگئی ہے، اس کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی دیکھے جارہے ہیں

چین کی سب سے بڑی رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کمپنی "ایورگرینڈ” مالیاتی بحران کا شکا رہوگئی ہے جس کے تباہ کُن اثرات چینی معیشت پرمرتب ہوں گے جبکہ اس کے اثرات عالمی مالیاتی اداروں کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔

"ایورگرینڈ” نے بتایا ہے کہ انتظامیہ نے بانڈ انٹرسٹ کی ادائیگی کیلئے ایک معاہدہ کرلیا ہے ۔ایور گرینڈ تقریبا 300 بلین ڈالر کے قرضوں میں گرفتار ہے تاہم فوری طورپر گھریلوبانڈ کے لئے 35 اعشاریہ 9 ملین ڈالر کی ادائیگی کیلئے معاہدہ کیا گیا ہے جس کے بعد  کمپنی سے جڑے مفاد وبستگان  اور سرمایہ کاروں کو کچھ راحت ملے گی تاہم ایورگرینڈ کو جمعرات تک 83 اعشاریہ 5 ملین ڈالر سود کی رقم اورسیز بانڈز کی مد میں جمع کرانا ہے۔

"ایورگرینڈ”  کی جانب سے شینزین اسٹاک ایکسچینج میں اپنی رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ فریقین کو قرض کی ادائیگی کیلئے ایک معاہدے پرمتفق ہوگئی ہے تاہم اس کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں کہ کتنا سود ادا کیاجائے گا اور کتنے وقت میں یہ ادائیگی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شینزین ایکسچینج شینزین شہر میں واقع ہے اور یہ شنگھائی اسٹاک ایکسچینج  کے بعد چین کے یہ دو اسٹاک ایکسچینجوں میں سے ایک ہے جو چین میں آزادانہ طور پر کام کرتے ہیں۔

سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدے کے تحت  کمپنی کے پاس 30 دنوں کی رعایتی مدت  ہے تاہم اس دوران سود کی رقم کا تصفیہ کرنے میں ناکامی پر جمع کرائے گئے آف شور بانڈ ڈیفالٹ ہوجائیں گے۔

300 بلین ڈالر سے زائد کے قرض کی ادائیگیوں کے حوالے سے چین کی سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی کو درپیش سنگین مالی صورتحال جس میں خدشات ہیں کہ اب یہ کمپنی مزید قائم نہیں رہ سکے گی ان خدشات نے عالمی منڈی میں بھی غیریقینی کی صورتحال پید اکردی ہے، جس کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دیکھے جارہے ہیں، آج حصص بازار میں مندی  کا رجحان غالب رہا اور انڈیکس میں 834 پوائٹنس کی کمی کے بعد 45 ہزار1 سو 74 پر پہنچ گیا، مجموعی طور پر دو سیشنز میں اسٹاک مارکیٹ میں  مجموعی طورپر13 سوپوائنٹس کی کمی ہوئی۔

 

متعلقہ تحاریر