ورلڈ کپ سر پر، پاکستان کرکٹ کا مڈل آرڈر مکمل طورپر ناکام
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل اکثر کھلاڑیوں کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔
قومی ستاروں سے سجا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کو شروع ہوئے چند دن ہوگئے ہیں تاہم جس جوش اور جذبے سے یہ ٹورنامنٹ شروع ہوا تھا شائقین کو اس کو دیکھ کر اتنی ہی مایوسی ہورہی ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل اکثر کھلاڑیوکی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، نیشنل ٹی 20 کپ، عالمی کپ کےلئے قومی کرکٹ ٹیم کی صلاحیتوں کا صحیح اندازہ لگایا جاسکتا ہے تاہم بدقسمتی سے ابھی تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام دیکھی گئی ہے، خاص طورپر پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ نے تو شائقین کرکٹ کو مایوس ہی کردیا ہےجس کی وجہ سے انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے، کرکٹ کے حلقوں میں ٹیم میں تبدیلیوں کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹرافی کے ورچوئل ٹور کا آغاز
ورلڈ کپ کیلئے نامزد 15 رکنی اسکواڈ میں شامل اعظم خان، آصف علی، صہیب مقصود اور ، خوشدل شاہ کے ناموں پر پہلے ہی بحث جاری تھی اور جب نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں یہ کھلاڑی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں تو انہیں مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
ان کے علاوہ نیشنل ٹی 20 کپ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سدرن پنجاب کی ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک کروادی ۔پوری ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی، محمد رضوان 6، اسرار اللہ 7 جبکہ عادل امین اور مصدق احمد بغیر کوئی رن اسکور کئے پویلین واپس لوٹ گئے،کپتان بابراعظم بھی محض 16 رنز اسکور کرسکے ۔
ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان وکٹوں کے پیچھے متاثر کن کارکردگی سے محروم رہے تو بیٹنگ میں بھی ناکام رہے سدرن پنجاب کی جانب سے 20، 14 اور ایک رنز بنائے ہیں ، آصف علی نے 43 اور 10 رنز کی اننگز کھیلی ہیں، خوشدل شاہ نے 21 ، 24 اور 6 جبکہ صہیب مقصود نے 18، 0 اور 24 رنز کی تین اننگز کھیلی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسکواڈ میں 16اکتوبر تک تبدیلی ممکن ہے اس لئے اگر آئندہ میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں غیر معمولی تسلسل نہ آیا تو اسکواڈ میں ایک سے زائد تبدیلیاں ہونی چاہئیں جس کا مطالبہ اب بڑھتا جارہا ہے ۔