یکم اکتوبر سے ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے سارے دروازے بند
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ پابندیوں سے بچنے کے لیے یکم اکتوبر سے قبل کورونا ویکسی نیشن کروا لیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے پیغام جاری کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر پابندیاں لاگو ہوں گی۔
یہ پیغام این سی او سی کے آفیشل ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم اکتوبر سے قبل کورونا ویکسی نیشن کروا لیں۔
Strict restrictions will be enforced for non vaccinated individuals from 1st October 21. Only 1 day left!!! Please get yourself fully vaccinated before 1st October! pic.twitter.com/Dx8ZtaDpLe
— NCOC (@OfficialNcoc) September 29, 2021
حکومت کی طرف سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر تعلیمی اداروں، اندرون و بیرون ملک سفر، ریسٹورینٹ، شاپنگ مالز، شادی ہالز اور دیگر روزمرہ ضروریات تک رسائی پر پابندی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے
بیرون ممالک سے آنیوالے مسافر کورونا لانے لگے
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین بھی ویکسین لگوائیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے بچوں کی ویکسی نیشن بھی ضروری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 52 ہزار 635 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1742 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 39 افراد انتقال کرگئے۔
عوام میں اب بھی کورونا ویکسین سے متعلق شکوک و شبہات ہیں۔ ملک میں ہزاروں اموات ہونے کے باوجود بھی زیادہ تر شہری یہ تسلیم کرنے کے لیے تیار ہی نہیں کہ کورونا وبا وجود رکھتی ہے۔
پاکستان کو دنیا کے کئی ممالک اور عالمی تنظیموں کی جانب سے لاکھوں کی تعداد میں کورونا ویکسین عطیہ کی جاچکی ہیں۔ حکومت نے اسپتالوں کے علاوہ مختلف مقامات پر ویکسی نیشن کیمپس بھی بنائے ہیں جہاں مفت ویکسین لگائی جارہی ہے۔
بعض شہری کورونا پابندیوں سے بچنے کے لیے جعلی ویکسی نیشن کارڈ بنوا رہے ہیں جبکہ کچھ شہریوں کی رائے ہے کہ کورونا ویکسین سے انسان کی عمر گھٹ جاتی ہے۔
ایسے میں حکومت اور این سی او سی کو سخت پابندیاں عائد کرنا پڑ رہی ہیں تاکہ تمام شہری ویکسی نیشن کروا کر ملک کو مہلک بیماری سے نجات دلوائیں۔