حکومتی مجرمانہ غفلت عمرشریف کے انتقال کی وجہ بنی ؟
شہنشاہ ظرافت عمرشریف عارضہ قلب کا شکار ہونے کے بعد امریکہ علاج کے لئے روانہ ہوئے دوران سفر طبیعت کی خرابی نمونیہ ہونے پر ائیرایمبولینس نے جرمنی میں ہنگامی لینڈنگ کی اور جرمنی کے مقامی اسپتال میں ہی انتقال کرگئے ۔
عمرشریف کی موت پاکستان سمیت ہراس انسان کے لئے دکھ اور صدمے کا باعث ہے جو اردو زبان سے آشنا ہے تاہم یہاں المیہ ایک عہد کے اختتام کا نہیں بلکہ اس روایتی سستی اور مجرمانہ غفلت ہے جو مبینہ طورپر عمر شریف کے علاج میں غفلت کی وجہ بنا، عمرشریف تو چلےگئے لیکن بہت سے سوالات چھوڑ گئے انھوں نے اس فرسودہ اور بدترین سسٹم کو بے نقاب کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
عمر شریف علاج کے لیے امریکا روانہ، قوم سے دعاؤں کی اپیل
9 ستمبر 2021 کو عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں نے اپنے علاج کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹرز کے مطابق انہیں بہترعلاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہیے۔
دو روز تک صرف زبانی کلامی مدد کی جاتی رہی یعنی وفاق کی طرف سے کوئی باقاعدہ اقدامات نہیں کئے گئے ، دو دن تک سندھ حکومت اور وفاق پیسوں پر لڑتے رہےعمر شریف کو امریکہ منتقل کرنے لے لئے ایئر ایمبولینس کی ضرورت تھی ، سندھ حکومت نے ائیرایمبولنس کمپنی کو ادائیگی کردی لیکن سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا تھا کہ انھیں ائیر ایمبولینس سے متعلق درخواست موصول نہیں ہوئی ہے اور بغیر درخواست کے وہ کچھ نہیں کرسکتے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عدم تعاون سے دو دن تک ائر ایمبولینس پاکستان سے اُڑان نہ بھر سکی اور یو دو مزید دن ضائع ہوگئے ، جو ایئر ایمبولیس حکومت نے حاصل کی اس کے ساتھ ایک مسئلہ یہ بھی تھا کہ وہ رات کے اندھیرے میں لینڈ اور ٹیک آف کی صلاحیت سے محروم تھی جو جرمنی پہنچ کر خراب ہوگئی اس طرح پھر تین دن ضائع کردیئے گئے۔
دیکھا جاے تو عمر شریف کو سات سے آٹھ روز پہلے علاج کے لئے امریکہ پہنچ جانا چاہئے تھا حالانکہ ڈاکٹرز نے بتایا بھی تھا کہ عمر شریف کی حالت تشویشناک ہے تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے پھر بھی مجموعی طور پر پندرہ روز کی تاخیرہوئی اور یہ وہی روز تھے جن کے حوالے سے ڈاکٹرز پہلے ہی آگاہ کرچکے تھے۔
یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ایسے لیجنڈ فنکار کو آخری ایام میں اپنے علاج کے لئے مدد کی اپیل کیوں کرنی پڑی ریاست کو پتا ھوناچاہئے کہ ایک معروف فنکار جو پاکستان کی دنیا بھر میں پہنچان ہے وہ کس حال میں ہے ۔جانا تو بہرحال سب نے ہی ہے عمر شریف تو چلے گئے لیکن اس ملک کے بوسیدہ نظام کو بے نقاب کرگئے ۔