ظرافت کا ایک عہد تمام ، عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

نماز جنازہ مولانا بشیر فاروقی نے پڑھائی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کردی گئی

شہنشاہ ظرافت عمرشریف کی نماز جنازہ عمرشریف پارک کلفٹن بلاک 2 بالمقابل ضیا الدین اسپتال میں سیلانی ویلفیئر کے چیئرمین مولانا بشیر فاروقی نے ادا کی، جس کے بعد کامیڈی کے لیجنڈ کی تدفین  حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کردی گئی۔

اداکارعمر شریف کا جسد خاکی ترکی کی ایئر لائن ترکش ایئرویز کی پرواز ٹی کے 1634 جرمنی کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجکر 16 منٹ پر میونخ ایئرپورٹ سے براستہ استنبول پاکستان کے لئے روانہ ہوئی جو صبح پانچ بجے پاکستان پہنچی، عمر شریف  کے جسد خاکی کے ہمرہ ان کی بیوہ زرین غزل تھیں، اس سے قبل لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں بھی ادا کی  گئی تھی۔

عمر شریف کے انتقال پر جہاں دنیا بھر میں اردو سمجھنے والے اداس ہیں وہیں ان کے محلے لیاقت آباد(لالوکھیت ) کے رہائشی بھی  اپنے دوست کے انتقال پر غمگین ہیں  ، ان کے محلے داروں نے عمر شریف کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو نیوز 360 کے ساتھ  شیئر کیا ۔

یہ بھی پڑھیے

عمر شریف کے بغیر تھیٹر میں مزہ نہیں، کامیڈین سلیم آفریدی

واضح رہے کہ معروف مزاحیہ اداکار اور ٹی وی میزبان عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد انھوں نے بیرون ملک علاج کےلئے حکومت سے اپیل کی تھی، علاج کے لئے امریکہ روانگی سے قبل طبیعت کی خرابی کے باعث جرمنی کے اسپتال میں قیام کیا جہاں ڈائلیسز کے داران خالق حقیقی سے جاملے۔

متعلقہ تحاریر