آسائشوں سے بھرپور برج العرب ہوٹل سیاحوں کے لیے کھل گیا
شہری ہوٹل گھوم سکیں گے، ہوٹل آمد کے بعد مہمانوں پر روایتی طورپر عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔
سونے کے ٹائلوں سے مرقع شاور، 30 مختلف قسم کے ماربلز، 21 ہزار سواروسکی کرسٹلز سے سجی چھت یہ سب دبئی کے برج العرب ہوٹل کی چند آسائشیں ہیں۔
آج سے برج العرب کے دروازے سیاحوں کے لیے بھی کھولے جارہے ہیں تاکہ سیاح وہاں پر دنیا جہاں کی ہوش اڑا دینے والی آسائشوں کو دیکھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیے
سیاحت کا شوق، 4 دوستوں کا طورخم سے کالام تک پیدل سفر
امریکی نائب وزیر خارجہ کا دورہ گرم جوشی کے بجائے سرد مہری لائے گا
22 سال سے برج العرب ہوٹل جمیرا کے قریب ایک جزیرے پر ایستادہ کھڑا ہے جسے دور سے ہی اس کے ڈیزائن کی وجہ سے پہچانا جاسکتا ہے۔
ہوٹل کا ہیلی پیڈ 210 میٹر بلند ہے جو کہ پچھلے برسوں کے دوران کئی تقریبات کا مرکز بن چکا ہے۔ 2005 میں یہاں راجرر فیڈرر اور آندرے اگاسی کا ٹینس میچ ہوا تھا۔
فروری 2021 میں ڈی جے ڈیوڈ گیٹا نے برج العرب کے ہیلی پیڈ کو ایک براہ راست ورچوئل کنسرٹ میں استعمال کیا اور رواں سال اگست میں ہالی ووڈ جوڑی زیک ایفرون اور جیسیکا ایلبا نے یہاں سے سکائی ڈائیونگ کی۔
برج العرب ہوٹل آنے والے افراد ایک نئے ویلکم سینٹر سے اپنے ٹور کا آغاز کریں گے، یہ ڈیڑھ گھنٹے کا ٹور بگی رائیڈ سے شروع ہوگا جو کہ 340 میٹر طویل برج پر چلے گی۔
ہوٹل آمد کے بعد مہمانوں پر روایتی طورپر عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ برج العرب کی لمبائی 321 میٹرز ہے۔
ایک شیشے کی لفٹ 50 ویں فلور تک جاتی ہے، پھر رائل سویٹ کا ٹور کروایا جاتا ہے جس کے بعد شہری عربی کافی سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور برج العرب کی نقش و نگاری کے متعلق جان سکتے ہیں۔
ٹور مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو فوراً ہوٹل سے باہر نہیں نکالا جائے گا بلکہ ان کے لیے ایک نیا لاؤنج بنایا گیا ہے جس کا نام "اوما” ہے۔ اس لاؤنج کے لیے اور ہوٹل میں موجود دیگر ریسٹورینٹس کے لیے مہمانوں کے علاوہ دوسرے افراد بھی بکنگ کروا سکیں گے۔