سندھ میں آٹا مہنگا کیوں؟ سائیں سرکار جواب دیں

وفاقی وزیر اسد عمر کے مطابق پنجاب کے مقابلے میں سندھ میں 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا 290 روپے مہنگا فروخت ہورہا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی میں آٹا مہنگے ہونے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، سندھ کی حکومت گندم ریلیز کرنے میں سُستی اختیار کرتی ہے، یوں سندھ صوبہ گندم میں خود کفیل ہونے کے باوجود سب سے مہنگی گندم استعمال کرتا ہے اور خاص طور پر کراچی کے عوام کے ساتھ سوتیلوں والا سلوک ہوتا ہے اور انہیں سب سے مہنگا آٹا خریدنا پڑتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے درخواست کی کہ سرکاری گوداموں سے گندم کی ریلیز کو فوری طور پر بڑھائیں تاکہ سندھ کے عوام کو سستا آٹا مہیا ہوسکے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نومبر میں غریب طبقات کو ٹارگٹ کرکے سبسڈی دینے کا پروگرام شروع کر رہی ہے، جس سے عوام کو ریلیف مل سکے گا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ، روپیہ چاروں شانے چت

گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود مہنگا آٹا حکومتی نااہلی کا ثبوت

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں احساس پروگرام، اب مزید اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ سال 2018 میں 121 ارب کا بی آئی ایس پی اب 260 ارب روپے کا احساس پروگرام ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اگلے چند دنوں میں ٹارگٹڈ سبسڈی کا ایک پروگرام لارہی ہے۔ نومبر کے آخر تک عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مہنگائی فوری کم ہونے والی نہیں، اپریل یا جون 2022 میں کم ہو گی تو ریلیف دیں گے۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایاکہ مہنگائی کا ذکر صرف ہمارے ملک میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہورہا ہے، بارہ ماہ میں دنیا میں پٹرول 81.55 فیصد بڑھا جبکہ ہمارے ہاں 17.55 فیصد اضافہ ہوا۔ دنیا بھر میں ایل این جی کی قیمت میں 135 فیصد اضافہ ہوا اور پاکستان میں  ایل این جی کی قیمت میں 64 فیصد اضافہ ہوا۔ ہماری  گیس کی قیمت میں سولہ اورعالمی منڈی میں 135 فیصد اضافہ ہوا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا میں خوردنی تیل کی قیمت میں 48 فیصد ہمارے ہاں 38 فیصد اضافہ ہوا، عالمی منڈی میں چینی کی قیمت 53 فیصد ہمارے ہاں 15 فیصد بڑھی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ سال پیٹرول پر جی ایس ٹی 17 فیصد اور لیوی 30 روپے لٹر تھی، اس وقت جی ایس ٹی 6.8 فیصد ہے، پیٹرولیم لیوی 30 روپے کی بجائے 5.62 روہے فی لٹر ہے۔ ڈیزل ہر سیلز ٹیکس 10.3 فیصد کردیا گیا ہے، ڈیزل پر لیوی 5 روپے 14 پیسے کردی گئی ہے۔ اب حکومت خوردنی تیل پر ٹیکسز میں کمی کرنے جا رہی ہے۔ خوردنی تیل پر سیلز ٹیکس 17 فی صد سے کم کرکے 8.5 فیصد کیا جائے گا اور اس پر عائد فکس ٹیکس 10 ہزار روپے ٹن سے کم کرکے 5 ہزار روپے ٹن کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ پر سوالات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ سندھ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 290 روپے مہنگا کیوں ہے ؟ گندم میں خودکفیل ہونے کے باوجود سندھ میں آٹا کیوں مہنگا ہے ؟ سرکاری گوداموں میں گندم کی وافر مقدار کے باوجود گندم کی ریلیز میں تاخیر کیوں کی جاتی ہے؟

متعلقہ تحاریر