آسمان پر تھوکا منہ کو آتا ہے، علی عظمت کو کون سمجھائے
علی عظمت نے احمد پنسوٹہ کے ٹاک شو میں ملکہ ترنم نور جہاں کے لباس، انداز اور گلوکاری سے متعلق ہتک آمیز گفتگو کی۔
معروف پاپ گلوکار علی عظمت نے حال ہی میں احمد پنسوٹہ کے ٹاک شو میں اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان سے شوبز انڈسٹری سمیت پاکستان میں فنونِ لطیفہ کے حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
برسوں پر محیط پاکستان کی میوزک انڈسٹری میں تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی عظمت نے کہا کہ "میرے بچپن میں نور جہاں ساڑھی پہن کر، بڑی بالیاں اور اضافی میک اپ کرکے گانے گایا کرتی تھیں، مجھے وہ سخت ناپسند تھیں”۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں ملی نغموں کی لازوال اور شاندار تاریخ
عائزہ خان ایک مرتبہ پھر نٹ کھٹ روپ میں
نور جہاں کو عمر رسیدہ ثابت کرنے کے لیے علی عظمت نے کہا کہ وہ کوفتہ لگتی تھیں، وہ اُس وقت بھی بوڑھی تھیں اور ہم سوچتے تھے کہ ان کو دیکھنا ضروری نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی وہ وقت تھا کہ جب ہم نے دوسری ثقافت کو تسلیم کیا اور اب وہ ایک معمول بن گیا ہے۔
علی عظمت پاکستانی میوزک انڈسٹری میں راک موسیقی کو شامل کرنے والے گلوکاروں میں سے ہیں، انہوں نے دہائیوں پہلے ایسی دھنیں ترتیب دیں جو آج نئے گانے والے بھی اپنا رہے ہیں لیکن اس سب کے باوجود انہیں یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ لیجنڈ شخصیات پر تنقید کریں۔
ملکہ ترنم نور جہاں کو پاکستان ہی نہیں پڑوسی ملک بھارت اور جس جس جگہ اردو موسیقی سنی جاتی تھی پسند کیا جاتا تھا، آج بھی ان کے گائے ہوئے گیتوں پر سننے والے جھوم اٹھتے ہیں۔
اس سے قبل بھی علی عظمت اپنا پی ایس ایل ترانہ پسند نہ کیے جانے کی وجہ سے علی ظفر پر تنقید کرچکے ہیں۔