آئی سی سی ٹی 20 سپر 12 مرحلہ، آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

جنوبی افریقہ نے جیت کے لیے آسٹریلیا کو 119 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ابوظہبی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ کا آغاز جیت سے کرلیا ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جارہے سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کا 119 رنز کا ہدف 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے

پاک بھارت مقابلہ: سابق کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کیلئے میدان میں آگئے

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت کے خلاف پاکستانی اسکواڈ کا اعلان

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے گروپ "1” کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز اسکور کیے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا۔

جنوبی افریقہ کےسب سے نمایاں بلے باز ایڈن مرکرم رہے جنہوں نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ ، ایڈم زمپا اور مچل اسٹارک نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گلین میکس ویل اور پیٹ کمنز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کا آغاز شروع ہی اچھا نہ رہا اور دوسرے اوور میں ہی اوپننگ بلے باز اور کپتان ٹیمبا بھواما 13 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وین ڈر ڈوسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔ ڈی کوک نے 5 رنز بنائے تھے جب وہ ہیزل ووڈ کا شکار ہو گئے۔

ڈی کوک کے بعد ایڈن مرکرم اور ہینری کلاسن نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا شروع کیا مگر 46 کے مجموعی اسکور پر کلاسن کی ہمت بھی جواب دی گئی اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز اسکور بنا پائی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی رول کے مطابق سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم 5 میچز کھیلے گی اور اس طرح گروپ 1 اور گروپ 2 سے 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

 

متعلقہ تحاریر