روپے کی بے قدری جاری، ڈالر 174.43 روپے کا ہوگیا
بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 9 ڈالر اضافے کے بعد 1802 ڈالر ہو گئی۔
امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ آج انٹر بینک ڈالر 174 روپے سے تجاوز کرگیا۔ دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 9 ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حکومتی دعوؤں کے باوجود ملک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے پیر کے روز پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مزید 0.24 فیصد کمی کےبعد 174.43 پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
زر مبادلہ کی شرح کے بجائے برآمدات پر توجہ دیں، سمیع اللہ طارق
عالمی تنہائی اور قلیل سرمایہ کاری، روپے کی قدر میں کمی کے عوامل
یکم جنوری 2021 سے ابھی روپے کی قدر میں 8.37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ 14 مئی 2021 سے اب تک روپے کی قدر میں 12.70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مالی سال 2021 سے 2022 اب تک ڈالر کے مقابلےمیں روپے کی قدر میں 9.68 فیصد گر گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے بدھ کے روز انٹربینک میں ڈآلر کی قدر میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا اور ڈالر روپے کے مقابلے میں 173 روپے 47 پیسے کا ہوگیا۔
جمعرات کے روز بھی روپے کی قدر میں کمی کا تسلسل جاری اور ایک وقت میں ڈالر 174 روپے 10 پیسے کی حد کو چھو گیا آخر وقت میں ڈآلر 14 پیسے کمی کے بعد 173 روپے 96 پیسےپر بند ہوا۔
دوسری جانب عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری ہے۔ مارکیٹ رپورٹ کےمطابق فی اونس سونا 9 ڈالر اضافے کے بعد 1802 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ایک تولہ سونے کی قیمت میں 600 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 515 روپے اضافہ ہوا۔
پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کے روز سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 27 ہزار 800 جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 9ہزار 568 روپے ریکارڈ کی گئی۔