مصر میں سات سالوں سےنافذ ایمرجنسی  ختم

 جنرل عبد الفتاح السیسی نے تین جولائی سنہ 2013 کو  مصر کے جمہوری صدر محمد مرسی  کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے مصر کے جمہوری صدرمحمد مرسی کی حکومت  کو تختہ پلٹنے کے بعد اپنے مخالفین کو کچلنے کے لئے اپنے غیرمعمولی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ کردیا تھا  جس میں ہر تین ماہ بعد توسیع کی جاتی رہی تھی۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کئی سالوں سے ملک میں جاری ہنگامی حالت کو گذشتہ روز ختم کر دی  ہے ، مصری صدر جنرل ریٹائرڈ عبد الفتاح السیسی نے 2014 میں ملک کے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالتے ہی   ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ کردیا تھا ، گذشتہ روز صدر عبدالفتاح السیسی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کوختم کرنے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مصر خطے میں سلامتی اور استحکام کا مرکز بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مصر میں ہائیڈروجن گیس کی پیداوار کا آغاز

یامیش مصر میں رمضان کی ایک روایت

انہوں نے ملک بھر میں سات سالوں سے  جاری ہنگامی حالت میں پہلی بار توسیع نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی معنوں میں یہ فیصلہ مصری عوام نے کیا ہے جنہوں نے گذشتہ برسوں کے دوران ملک کی تعمیروترقی اور استحکام کے لیے ہونے والی مساعی میں اپنی مخلصانہ شراکت کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا، ”مصر، اس کے عظیم لوگوں اور وفاداروں کا شکریہ، جن کی بدولت خطے میں سلامتی اور استحکام کا نخلستان بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے ملک بھر میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی تجدید کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔”

واضح رہے کہ   جنرل عبد الفتاح السیسی نے تین جولائی سنہ 2013 کو  مصر کے جمہوری صدر محمد مرسی  کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا  فوج کے اس اقدم سے پہلے محمد مرسی کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہو چکے تھے تاہم انھوں نے فوج کے اس الٹی میٹم کو ماننے سے انکار کر دیا تھا کہ سنہ 2011 میں حسنی مبارک کو اقتدار سے الگ کیے جانے کے بعد ملک میں پیدا ہونے والے سب سے بڑے سیاسی بحران کو جلد از جلد حل کیا جائے۔

متعلقہ تحاریر