پاکستان کی جیت, انڈیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مشکل میں پھنس گئیں
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان نے انڈیا کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں دھول چٹا دی۔
پاکستان نے اتوار کے روز انڈیا کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں دھول چٹا دی ہے۔ پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے 7ویں میچ میں نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر بھاررتی سورماؤں اور کیویز کے لیے مشکل کھڑی کردی ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے نیوزی لینڈ کو چاروں شانے چت کردیا۔
انڈیا اور نیوزی لینڈ کے مشکل وقت شروع
اتوار کے روز انڈیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان سے ہارنے کے بعد گروپ ٹو کا انڈیا اور نیوزی لینڈ کا میچ کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے۔
کرکٹ پنڈتوں کا کہنا ہے کہ انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 31 اکتوبر کو کھیلا جانے والا میچ دونوں ٹیموں کے لیے "ڈو اینڈ ڈائی” کی پوزیشن پر آگیا ہے۔ بظاہر ایسا لگتا ہے ہے کہ جو ٹیم میچ ہارے گی اس کے لیے سیمی فائنل رسائی حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔ جو ٹیم بھی میچ ہارے گی اس کے دو میچز کھیلنے کے بعد بھی صفر پوائنٹس ہوں گے اور اگر وہ گروپ ٹو میں موجود باقی ٹیموں یعنی افغانستان ، اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کو ہرا بھی دیتی ہے تب بھی اس کو سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل دکھائی دےرہا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا بیان
پاکستان سے ہار کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ” ٹیم نے اپنی باؤلنگ سے ہدف کے دفاع کی پوری کوشش کی تاہم شارجہ میں آج کی رات پاکستان کی رات تھی۔”
Pakistan’s night in Sharjah despite a big effort to defend with the ball. Scorecard | https://t.co/okuyk9UZGw #T20WorldCup pic.twitter.com/OOVGiXSEeq
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) October 26, 2021
وزیراعظم عمران خان کا بیان
نیوزی لینڈ سے پاکستانی ٹیم کی شاندار فتح پر وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ” بہت مبارک ٹیم پاکستان! باؤلنگ ایک مرتبہ پھر شاندار رہی۔”
بہت مبارک ٹیم پاکستان! باؤلنگ ایک مرتبہ پھر شاندار رہی۔ ایک عمدہ ٹیم ہار کی صورت میں اپنی غلطیوں کا جائزہ لے گی۔ ایک عظیم ٹیم جیت کے باوجود اپنے کھیل کا جامع تجزیہ کرتی ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 26, 2021
چیئرمین پی سی بی کا ردعمل
قومی ٹیم کی جیت پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "یہ ایک عظیم جیت ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک مشکل حریف تھی اور مشکل حریف کو ہرانے کے بعد مزید حوصلہ ملتا ہے۔”
Great win! NZ is a tough opponent and winning a tough game gives you confidence . Head down boys and on to the next one! #PakistanZindabad
— Ramiz Raja (@iramizraja) October 26, 2021
پاکستان ٹیم بیٹنگ ہسٹری
پاکستان کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم کیوی بالر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ بابر نے 9 رنز بنائے تھے۔نویں اوور میں فخر زمان 11 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور محمد رضوان نے کیا جو کہ 33 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔شعیب ملک نے 2 چوکے اور 1 چھکا مار کر 26 رنز بنائے جبکہ وننگ شاٹ لگانے والے آصف علی نے 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنائے۔
حارث رؤف کو چار وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
نیوزی لینڈ سے اِش سودھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ ٹیم کی بیٹنگ ہسٹری
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پراعتماد طریقے سے کھیلتےہوئے اسکور کو 37 پر پہنچایا۔ اس موقع پر باہر جاتی ہوئی گیند مارٹن گپٹل کی لیفٹ ٹانگ سے ٹکرا کر وکٹوں میں جا گھسی اور اس طرح ان کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا۔
انہوں نے 20 گیندوں کا سامنا کیا اور 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیرل مچل تھے ان کو پویلین کی راہ عماد وسیم نےدکھائی انہوں نے 20 گیندوں پر 27 رنز اسکور کیے تھے۔
نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 56 کے مجموعی اسکور پر گری جب نئے آنے والے بلےباز جیمز نیشم ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ محمد حفیظ نے حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کین ولیمسن تھے جنہوں نے 26 گیندوں پر 25 رنز اسکور کیے تھے۔ کین ولیمسن کو حسن علی نے رن آؤٹ کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے 5ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈی کون وے تھے انہوں نے 24 گیندوں پر 27 رنز بنائے تھے۔ ان کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی جبکہ ان کا کیچ بابر اعظم نے پکڑا تھا۔ نیوزی لینڈٖ کی چھٹی وکٹ بھی 116 رنز پر کے مجموعی اسکور پر گری۔
چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گلین فلپس تھے انہوں نے 15 گیندوں کا سامنا کیا اور 13 رنز اسکور کیے۔ ان کی وکٹ بھی حارث رؤف نے حاصل جبکہ حسن علی ان کا کیچ پکڑا تھا۔ نیوزی لینڈ کی 7ویں وکٹ 125 رنز کے مجموعی اسکور پر گری۔ جب شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی 8ویں وکٹ 134 کے مجموعی اسکور پر گری۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف سب سےکامیاب باؤلر رہے انہوں نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی ، عماد وسیم اور محمد حفیظ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔