نجی ٹی وی چینلز نے پیمرا کا حکم نامہ ہوا میں اُڑا دیا
پیمرا نے کالعدم تحریک لبیک کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی، زیادہ تر ٹی وی چینلز نے اسی سے متعلقہ موضوعات پر پروگرام نشر کیے۔
پیمرا نے کالعدم تنظیم تحریک لبیک کی میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی ہے۔ ادارے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تمام ٹی وی چینلز کو کالعدم جماعت کی کوریج کرنے سے روکنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔
اعلامیہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایف ایم ریڈیو، کیبل آپریٹرز اور آئی پی ٹی وی بھی کالعدم تنظیم کی کوریج نہ کریں۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم جماعت کی میڈیا کوریج پر پابندی میڈیا ضابطہ کے تحت لگائی گئی ہے، میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 کے مطابق کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج ممنوع ہے۔
الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں درج ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو 15 اپریل 2021 کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں ڈالا۔
یہ بھی پڑھیے
کرکٹر ندا ڈار کو دو ماہ بعد پیمرا سے انصاف مل گیا
سابق گورنر زبیر عمر کی ویڈیو کا معاملہ، ٹی وی چینلز کی پراسرار خاموشی
ایک طرف پیمرا کی جانب سے کالعدم تحریک لبیک کی میڈیا کوریج پر پابندی کا حکم نامہ جاری کیا گیا دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید جیو ٹی وی پر شاہ زیب خانزادہ کے پروگرام میں اسی موضوع پر منعقدہ پروگرام میں موجود تھے۔
صرف یہی نہیں بلکہ پرائم ٹائم میں اے آر وائی نیوز، ایکسپریس ٹی وی، ڈان نیوز، ہم نیوز، سما ٹی وی اور دیگر کئی چینلز نے کالعدم تنظیم سے متعلق موضوعات پر براہ راست پروگرامز نشر کیے۔
اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مملکتِ خداداد میں قانون کی رٹ بالخصوص پیمرا کا حکم نامہ کیا حیثیت رکھتا ہے۔
اُدھر کالعدم جماعت کے رہنما اور کارکنان بھی حکومت کی بات سننے کو تیار نہیں اور یہاں نجی ٹی وی چینلز نے بھی حکومت کے محکمے کا حکم ہوا میں اُڑا دیا۔
اس ایک مثال سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ حکومتی سطح پر کالعدم تنظیم کے معاملے کو لے کر کتنی سنجیدگی پائی جاتی ہے۔