امریکہ کا افغانستان کے لیے مزید 144 ملین ڈالر کا اعلان

انسانی بنیادوں پر جاری کردہ اس امداد کے بعد 2021 میں افغان مہاجرین کو امریکہ کی جانب سے ملنے والی کُل رقم 474 ملین ڈالر ہوجائے گی۔

امریکی سیکرٹری خارجہ اینٹونی بلنکن نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ افغانستان کو 144 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔ امریکی عہدیدار کے مطابق یہ رقم افغان شہریوں پر خرچ کی جائے گی جو کہ طالبان حکومت میں انسانی المیے کا شکار ہیں۔

امدادی رقم براہ راست عالمی اور غیر سرکاری انسانی تنظیموں کو دی جائے گی جن میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین، یونیسیف، بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت اور عالمی ادارہ برائے صحت شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کے لیے امریکی امداد میں دھوکا دہی کا انکشاف

افغان جنگ: پاکستان اور کتنے پناہ گزینوں کا بار اٹھائے گا؟

اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ان تنظیموں کو ملنے والی رقوم کی مکمل نگرانی کی جائے گی کہ انہیں کہاں اور کیسے خرچ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ "امداد کے ذریعے خطے کے 18 ملین افغانوں کو براہ راست مدد حاصل ہوگی اور پڑوسی ممالک میں موجود افغان مہاجرین بھی اس سے مستفید ہوں گے”۔

انسانی بنیادوں پر جاری کردہ اس امداد کے بعد 2021 میں افغان مہاجرین کو امریکہ کی جانب سے ملنے والی کُل رقم 474 ملین ڈالر ہوجائے گی جو کہ کسی بھی ملک سے زیادہ ہے۔

امریکی سیکرٹری خارجہ نے واضح کیا کہ یہ امدادی رقم افغانستان کے شہریوں کے لیے ہے اور طالبان کے لیے نہیں جن کو ہم سے کیے گئے وعدوں پر جواب دہی کرنا ہوگی۔

امدادی رقم سے غذائی قلت، صحت کے مسائل، آمد و رفت اور ہنگامی بنیادوں پر غذا کا انتظام کیا  جاسکے گا۔

اینٹونی بلنکن نے افغام مہاجرین کو پناہ دینے پر پڑوسی ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپنی سرحدیں اُن افغانوں کے لیے کھلی رکھیں جو کہ بین الاقوامی ممالک میں پناہ کی تلاش میں ہیں۔

متعلقہ تحاریر