اے کے ڈی کا کراچی پریس کلب کے لیے 1کروڑ20 لاکھ روپے کا اعلان
عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا ہے کہ اگر صحافتی برادری چاہے تو ان کے اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
کراچی: اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی نے کراچی پریس کلب اور صحافیوں کے لیے ایک کروڑ بیس لاکھ کے پیکج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کتیانہ میمن اسپتال میں ایک کروڑ روپے سالانہ میڈیکل گرانٹ اور کلب کی کینٹین کے لیے 20 لاکھ روپے شامل ہیں۔
کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے صحافی برادری ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے مگر اس کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے اقدامات ناکافی ہیں انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو میڈیکل کے مسائل کا مسلسل سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے کتیانہ میمن اسپتال میں سالانہ ایک کروڑ روپے مختص کئے جا رہے ہیں جس سے صرف صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کا علاج کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
وزیرِ اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے پہلی سہ ماہی کا معاشی آؤٹ لک جاری
انہوں کہا ہے کہ وہ صحافیوں اور حکومت کے درمیان مسائل کے حل کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی ، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی ، فاروق سمیع ، عبدالوسیع قریشی ، سابق سیکرٹری اے ایچ خانزادہ ، احتشام مفتی اور دیگر بھی موجود تھے۔
عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ صحافیوں کا ملک کی ترقی اور اداروں کی مضبوطی کے لیے اہم کردار ہے ۔صحافیوں کو میڈیکل کی سہولیات کے حوالے سے بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ ان کو مدنظررکھتے ہوئے کتیانہ میمن اسپتال میں سالانہ ایک کروڑ روپے مختص کیے جارہے ہیں جہاں کراچی پریس کلب کے صحافی طبی سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔
انہوں نے کراچی پریس کلب کی نئی کینٹین کی تعمیر کے لیے بھی 20 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔ عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ پی ایم ڈی اے کے حوالے سے صحافیوں کے تحفظات پر وہ حکومت اور صحافیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ اگر صحافی چاہیں تو وہ حکومت سے بات کرکے اس حوالے سے صحافیوں اور حکومت کے درمیان میٹنگ کرواسکتے ہیں۔
اے کے ڈی کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ وہ صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے ہر فورم پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ وزیراعظم کی کم لاگت ہائوسنگ اسکیم کے حوالے سے بھی وہ صحافیوں سے تعاون کے لیے تیار ہیں۔ صحافیوں کی لسٹ فراہم کی جائے تو وہ اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریںگے۔
اس موقع پر پریس کلب کے سیکریٹری محمدرضوان بھٹی نے عقیل کریم ڈھیڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سہولیات کے حوالے سے صحافیوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس اقدام سے صحافیوں کو ریلیف ملے گا۔
صدر فاضل جمیلی نے بھی عقیل کریم ڈھیدی کی جانب سے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پرصدرکراچی پریس کلب فاضل جمیلی اور سیکرٹری محمدرضوان بھٹی نے اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی کو سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا ۔