کیا پاکستان آج نمیبیا کے خلاف کامیابی کا سفر جاری رکھ سکے گا؟

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کے امکانات ہیں۔ عماد وسیم اور حسن علی کی جگہ وسیم جونیئر اور محمد شاہنواز دھانی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان اپنا چوتھا میچ آج نمیبیا کے خلاف کھیلے گا۔ گرین شرٹس نے اپنے پہلے تین میچز بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف جیت چکی ہے اب اپنا چوتھا میچ جیتنے کے لیے میدان میں اترے گی۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ میں پاکستان اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے اور اب اسے کسی دوسری ٹیم کی کارکردگی پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

پاکستان پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا امکان

شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان سپر مرحلے کے 19ویں میچ میں آج نمیبیا سے ٹکرائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔ محمد نواز اور وسیم جونیئر ، حسن علی اور عماد وسیم کی جگہ پلیئنگ الیون کا حصہ بن سکتے ہیں کیونکہ گزشتہ روز دونوں کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن میں بھرپور حصہ لیا تھا۔ امکان یہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

علی ظفر کا ویرات کوہلی کے لیے محبت بھرا سندیسہ

نہرو کپ: جب 32 برس قبل پاکستان نے انڈیا میں فتح حاصل کی

ٹیم کی کارکردگی دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر T20 گیمز جیتنے کا فارمولہ طے کرلیا ہے۔ اس لیے پاکستانی ٹیم کو فرق نہیں پڑتا کہ کون سے انفرادی کھلاڑی نمیبیا کے خلاف صف آراء ہیں۔

پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف جیت کر میگا ایونٹ کی فیوریٹ ٹیم بن چکی ہے۔ آج کا میچ پاکستان کے آسان لگ رہا ہے اور اگر پاکستان نمیبیا کے خلاف جیت جاتا ہے تو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔

پاکستان کی اب تک کارکردگی

پاکستان نے اپنا پہلا میچ انڈیا کے خلاف 24 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا تھا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز اسکور بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کےلیے 152 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 17.5 اوورز میں حاصل کرلیا تھا۔

26 اکتوبر کو پاکستان نے اپنا دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ اس میچ میں بھی پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کردیا تھا۔

29 اکتوبر کو سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 1 اوور قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔ اس میچ میں آصف علی نے ایک اوور میں 4 چھکے لگا کر پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا تھا۔

کپتان بابر اعظم

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ گوکہ پاکستان کی پوزیشن اس وقت بہت مضبوط ہے تاہم میگا ایونٹ میں کسی بھی موقع پر ریلیکس نہیں کرسکتے ہیں۔

ٹیم پوزیشن

گروپ بی میں پاکستان اپنے پہلے تین میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ نمیبیا ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن میں بیٹھا ہے۔

متعلقہ تحاریر