نیوزی لینڈ کا انگلینڈ کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ
فائنل کے لئے ناک آؤٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان میچ کا آغاز ہوگیا ہے
متحدہ عرب امارات میں جاری آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 12 کا طویل مرحلہ ختم ہو چکا ہے اور اب ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز آج سے ہوگیا ہے ، فائنل کے لئے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان میچ کا آغاز ہوگیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ گزشتہ 89 سالوں سے ایک دوسرے کے خلاف کرکٹ کھیل رہے ہیں اور انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ ہیڈ ٹو ہیڈ کے اعدادوشمار عالمی سطح پر پیش کیے جانے والے بہترین اعدادوشمار میں سے ایک ہیں۔ دونوں ٹیمیں کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف کھیلا جس میں اسے 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم باقی ماندہ 4 میچز نے وننگ کمبینیشن بناتے ہوئے گروپ ٹو کی باقی ٹیموں کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
گروپ ون میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے اپنے کھیل کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا اور اپنے ابتدائی چار میچز میں مخالفین کو زچ کرکے رکھ دیا جبکہ آخری میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب انگلش ٹیم کو بین اسٹوکس، جوفرا آرچر اور سیم کرن ٹورنامنٹ سے پہلے دستیاب نہیں تھے جب کہ اب ٹیمل ملز اور اب جیسن رائے بالترتیب دائیں ران میں تناؤ اور کمر کے پھٹوں میں شدید تکلیف کی وجہ سے واپس لندن چلے گئے ہیں۔
انگلش ٹیم کے کپتان ایون مورگن کا کہنا ہے کہ کئی اہم پلیئرز کی عدم دستیابی کے باوجود انگلینڈ کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں لے جانا بطور کپتان ان کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک بڑی کامیابی ہو گی۔
ایون مورگن کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز جیسن رائے کی عدم موجودگی میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں کامیابی ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔
ایون مورگن نے مزید کہا ہے کہ ہم "آپ صرف فائنل میں پہنچ سکتے ہیں اور ہار بھی سکتے ہیں لیکن فائنل میں پہنچنا ایک کارنامہ ہوگا۔”