آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس:سراج درانی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

نیب کی جانب سے گرفتاری کے لیے ان کے گھر سمیت دیگر مقامات پر چھاپے مارے تاہم ناکامی کا سامنا کرنا پڑا

اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، سندھ ہائی کورٹ نے آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر ‏دی تھی  جس کے بعد سے آغا سراج درانی روپوش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل احتساب بیورو (نیب ) کی جانب سے دائر کردہ آمدن سے زائد اثاثہ جات   کیس  میں تیرا اکتوبر کو سندھ ہائیکورٹ  نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی  کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست  مسترد کردی تھی جس کے بعد سے نیب کی ٹیم نے آغا سراج درانی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر سمیت دیگر مقامات پر چھاپے مارے تاہم گرفتاری میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیے

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے نیب کو ناکوں چنے چبوا دیئے

آغاسراج درانی اور نیب ٹیم کےدرمیان چھپن چھپائی جاری

ان کے گھر پر نیب کے چھاپے دوران ان کےصاحبزادے آغا شہباز درانی نے کہا تھا کہ ہم نے پہلے بھی بےبنیاد مقدمات کا سامنا کیا ہے اور اس وقت بھی ایسے ہتھکنڈوں کا سامنا کریں گے سراج درانی  تاحال روپوش ہیں  تاہم آج انھوں نے  نیب کی جانب سے دائر کئےگئے مقدمات پر سپریم کورٹ سے رجو ع کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ نیب  کی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی ، ان کی اہلیہ، بچوں، بھائی اور دیگر فیملی ممبران پر مبینہ طور پر غیر قانونی طریقوں سے بنائے گئے ایک ارب 61 کروڑ روپے سے زائدکے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے رکھنے کا الزام میں فروری 2019 میں اسلام آباد کے ایک ہوٹل سے گرفتار بھی کیا تھاتاہم 13 دسمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض آغا سراج درانی کی ضمانت منظور کرلی تھی  جس کےبعد سے اسپیکر سندھ اسمبلی تاحال روپوش ہیں ۔

متعلقہ تحاریر