پیٹرولیم ڈویژن نے گیس فراہمی پر چلنے والی خبروں کو گمراہ کن قرار دے دیا

ملک کے مین اسٹریم میڈیا پر گھریلو صارفین کو دن میں تین اوقات میں گیس فراہمی کی خبریں چل رہی ہیں۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی سے متعلق چلنے والی خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دن میں صرف 3 وقت صارفین کو گیس مہیا کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

ترجمان پیٹرولیم ڈویژن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سوئی ناردرن کو گیس کی فراہمی سے متعلق احکامات دیئے ہیں ، جس کے مطابق کھانے کے اوقات میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اوپن مارکیٹ میں ڈالرتاریخ کی بلند ترین سطح 178 تک پہنچ

بحران میں پھنسی پاکستانی معیشت کے لیے ایک اور اچھی خبر

ترجمان کا کہنا ہے کہ مختلف نیوز چینلز پر ایک گمراہ کن خبر چلائی جارہی ہے جس کا حقیقت سے کچھ لینا دینا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی سے متعلق وضاحت دی تھی۔

جیو نیوز چینل، جی این این چینل ، سما ٹی وی چینل اور آج ٹی وی چینل سمیت میڈیا ہاؤسز نے وزارت پیٹرولیم ڈویژن کو کوڈ کرکے خبر چلائی تھی کہ گھریلو صارفین کو دن کے تین اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی۔

تمام میڈیا ہاؤسز پر چلنے والی خبروں کے مطابق گھریلو صارفین کو صبح ساڑے 5 بجے سے لے کر ساڑھے 8 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔ دوپہر کے اوقات میں ساڑھے 11 بجے سے 2 بجے تک گیس دی جائے گی جبکہ شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔

چینلز نے ذرائع سے خبر چلاتے ہوئے بتایا ہے کہ ان اوقات کا اطلاق دسمبر سے فروری تک ہو گا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ گھریلو صارفین کو سردیوں میں ناشتہ ، دوپہر کا کھانا اور رات کے کھانے سمیت دن میں تین بار گیس فراہم کی جائے گی۔

ملک میں قدرتی گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا تھا کہ گھریلو صارفین کو صرف کھانا پکانے کے لیے دن میں تین بار گیس فراہم کی جائے گی۔

وزیر توانائی حماد اظہر کے مطابق ملک میں گیس کے ذخائر 2010 میں 2000 ملین کیوبک فٹ یومیہ (MMCFD) سے کم ہو کر 800 ملین کیوبک فٹ یومیہ رہ گئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر