ایف بی آر نے ڈان اخبار کے ادارئیے کا سخت نوٹس لے لیا

روزنامہ ڈان میں شائع ہونے والا اداریہ بدنیتی پر مبنی ہے، وزیراعظم بھی ایف بی آر کے معترف ہیں، ترجمان ایف بی آر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈان اخبار میں 10 نومبر کو شائع ہونے والے ادارئیے کا نوٹس لے لیا، ٹوئٹر پر ایف بی آر کے ترجمان کی جانب سے اس سلسلے میں ٹویٹ کی گئی ہے۔

ترجمان ایف بی آر نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ روزنامہ ڈان میں شائع ہونے والا اداریہ بدنیتی پر مبنی ہے، اس کا مقصد ایک ایسے وقت میں ایف بی آر کو بدنام کرنا ہے کہ جب وزیراعظم بھی اس کی تعریف کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ڈان اخبار نے اپنے ادارئیے میں مشیر خزانہ شوکت ترین کی پالیسیز کو ہدف تنقید بنایا تھا۔ ادارئیے میں لکھا گیا کہ ٹیکس اکٹھا کرنے والے افراد اکثر مجرمان کی مدد کرتے ہیں اور اس سے ذاتی طور پر مالی فوائد حاصل کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے بھاری ٹیکسز نے سینما گھروں کو تالے لگوادیے

ایف بی آر کے بڑھتے ہوئے ٹیکسز کے خلاف تاجر برادری یک زبان

ادارائیے میں مزید لکھا گیا کہ ٹیکس ادائیگیوں سے بچ کر اور استثنا حاصل کرکے، امیر افراد ہر آنے والی حکومت کو مالی خسارے میں ہی حکومتی امور جاری رکھنے کے لیے دباؤ ڈالتے ہیں اور سماجی اور معاشی انفراسٹرکچر کے اخراجات میں کمی اور باقی پورے ملک پر ٹیکس کے بوجھ میں اضافہ کرواتے ہیں۔

یہ نہایت سنگین الزامات ہیں جو کہ ڈان کے ادارئیے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر لگائے گئے، کہا گیا کہ ٹیکس جمع کرنے والے افراد مجرمان کی مدد کرتے ہیں اور اس کے بدلے میں مالی فوائد حاصل کرتے ہیں۔

ایف بی آر نے اس کا سخت نوٹس لے لیا ہے، دیکھنا ہوگا کہ ڈان اخبار سے اس سلسلے میں کوئی وضاحت طلب کی جاتی ہے یا نہیں۔

متعلقہ تحاریر