مرینا اقبال ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں کمنٹری کریں گی

مرینا اقبال نے 2009 سے 2017 تک قومی ویمن ٹیم کی نمائندگی کی تھی، انہیں پاکستان کی پہلی خاتون کمنٹیٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

مرینا اقبال پاکستان ویمن ٹیم کی نائب کپتان رہی ہیں اور انہیں ملک کی پہلی خاتون کرکٹ کمینٹیٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اب انہوں نے اپنی ایک نئی کامیابی سے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے مرینا نے لکھا کہ انہیں آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔

یہ ان کا آئی سی سی میں بطور کمینٹیٹر کام کرنے کا پہلا تجربہ ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹ میں رہنمائی کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

مرینا اقبال نے 2009 سے 2017 تک قومی ویمن ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے اپنا آخری میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

مرینا نے چین میں سنہ 2010 کے دوران منعقد ہونے والے ایشین گیمز میں بھی حصہ لیا جہاں انہوں نے پاکستان کے لیے طلائی تمغہ جیتا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی مرینا کسی نہ کسی صورت کرکٹ سے وابستہ رہیں، وہ کمنٹری تو کر ہی رہیں تھیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل ‘ریویو ود مرینا اقبال’ لانچ کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر