صدر کی وکٹوریہ مارکیٹ میں آتشزدگی، فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف

کراچی کے معروف کاروبار علاقے صدر کی وکٹوریہ مارکیٹ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آگیا ہے ،  جس کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ 

صدر زینب مارکیٹ کے ساتھ موجود وکٹوریہ مارکیٹ کی پانچویں منزل پر آگ لگ گئی ہے۔ فائر بریگیڈ حکام نے آگ بجھانے کے لیے 4 فائر ٹینڈرز روانہ کردیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کوآپریٹیو مارکیٹ میں آتشزدگی کی ایف آئی آر تھانہ پریڈی میں درج

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے  اور انہوں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ، لوگوں کو بلڈنگ سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وکٹوریہ مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آگ پر جلد از جلد قابو پانے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہونا چاہیے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایس ایس پی ساوتھ کو فوری طور آتشزدگی کے مقام پر پہنچنے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

ٹریفک پولیس عوام کے کی سہولت کیلئے متبادل راستے فراہم کر رہی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

کراچی پولیس ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

وکٹوریہ مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ 5ویں فلور پر 60 گودام ہیں جن میں کروڑوں روپے کا سامان رکھا ہے۔

متعلقہ تحاریر