عظمیٰ بخاری نے آڈیو کے بعد ویڈیو آنے کی پیشگوئی کردی

مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما کا کہنا ہے نئی ویڈیو بھی ناصر بٹ جاری کریں گے جنہوں نے جج ارشد ملک کی ویڈیو جاری کی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما کے بیان نے ملکی سیاست میں ایک نیا بھونچال پیدا کردیا ہے، عظمیٰ بخاری نے آڈیو کے بعد ایک ویڈیو کی پیشگوئی کردی ہے۔

لاہور میں صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آڈیو کے بعد ایک ویڈیو آنے والی ہے۔

بعدازاں آج ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ نئی ویڈیو نہیں ہے ، یہ وہی ویڈیو ہے جس کو ناصر بٹ صاحب اسلام آباد ہائی کورٹ میں بطور پٹیشن دائر کرچکے ہیں ، بریٹش ہائی کمیشن بھی جاچکے ہیں ، کہ اس کو ثبوت کے طور پر جمع کیا جائے ۔ ناصر بٹ اس ویڈیو کی فرانزک بھی کرچکے ہیں، لیکن آج تک وہ ویڈیو پاکستان نہیں پہنچ سکی۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی ایم اجلاس: مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کے لیے چیلنج کھڑا کردیا

شکیل الرحمان کی بریت کی درخواست پر نیب سے جواب طلب

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ناصر بٹ کے پاس ویڈیو موجود ہے جس کا انہوں نے متعدد بار اظہار بھی کیا ہے، اور کل اسحاق ڈار نے بھی کہا ہےکہ کوئی ویڈیو آنے والی ہے۔ انہوں نےکہا کہ بات آڈیو یا ویڈیو کی نہیں ہے ، بات حقائق کی ہے ۔ حقائق کو سامنے آنا ہوتا ہے۔ بہت عرصےتک چیزوں کو کوسمیٹک طریقوں سے رکھا نہیں جاسکتا۔ میاں نواز شریف کا کیس بھی بھٹو پھانسی کیس کی طرح ہوگا، پاکستان کے عدالتی فیصلوں کے اندر ، جس کو کبھی بھی کسی پریس ریلیز کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔ بھٹو صاحب کی پھانسی کے معاملات بھی ان کی پھانسی کے بعد سامنے آئے۔ میاں نواز شریف کو راستے سے ہٹایا گیا تھا عمران خان کو لانے کے لیے ، بطور ثاقب نثار صاحب کے۔

ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کوئی نجی چینل اپنی فرانزک لیب کی رپورٹ نہ بتائے ۔ جو امریکی ادارہ ہے آج اس نے بھی اس آڈیو کی تصدیق کردی ہے ۔ انہوں نے کہا ہےکہ یہ بالکل اصل آڈیو ہے۔ ثاقب نثار صاحب کے چوہے بلی کے کھیل سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ، انہیں چاہیے کہ وہ احمد نورانی کو کورٹ میں لے جائیں ۔ انہیں جھوٹا ثابت کردیں۔ یا پھر وہ خود اس کا فرانزک کروا کر سچ عوام کےسامنے لائیں۔ کیونکہ وہ خود لوگوں کو صداقت اور امانت کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ وہ ویڈیو کس کے حوالےسے ہےمگر وہ ویڈیو نواز شریف اور مریم نواز کی بےگناہی ثابت کرنے کے لیے کافی ہوگی۔

واضح رہے کہ پاناما پیپرز پر بننے والی جے آئی ٹی کے سربراہ ارشد ملک اس وقت کی احتساب عدالت کے جج تھے جنہوں نے میاں نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔

بعدازاں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ناصر بٹ نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ جج ارشد ملک نے اوپر کے پریشر کی وجہ سے میاں نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ تاہم ویڈیو جاری ہونے کے کچھ عرصہ بعد جج ارشد ملک انتقال کرگئے تھے۔

یاد رہے کہ جج ارشد ملک نے باقاعدہ نواز شریف جاتی عمرہ میں ملاقات کی تھی اور معذرت بھی کی تھی ۔

متعلقہ تحاریر