فواد چوہدری پر تنقید، کیپٹن (ر) صفدر اخلاقیات بھول گئے

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بطور سیاست دان کیپٹن صفدر کو فواد چوہدری اور ان کے خاندان سے معافی مانگنی چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر گفتگو کے دوران اخلاقیات کو بھلا بیٹھے ، صحافی کے سوال پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کے مرحوم چچا سے متعلق اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ وہ نشے کی حالت میں دھت ہو کر مر گئے۔

صحافی نے کیپٹن محمد صفدر سے سوال کیا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے آپ کو سیسیلین مافیا کہا ہے آپ اس پر کیا کہیں گے؟ تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ کرپٹ خاندان ہے جب ان کے چچا لاہور ہائی کورٹ کے جج بن گئے تو سارے کیسز فواد چوہدری کے پاس آگئے۔ ان لوگوں کو کیا جواب دوں جنہوں نے مغلوں کی کمر میں چھرا گھونپ کر دریائے جہلم پر انگریزوں کو ریڈ کارپٹ ویلکم دیا۔

یہ بھی پڑھیے

سید خورشید شاہ نے اسٹیبلشمنٹ سے تعاون کی اپیل کردی

ایم این اے عالیہ حمزہ نے عاصمہ جہانگیر فاؤنڈیشن کی فنڈنگ پر سوال اٹھا دیا

فواد چوہدری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کا مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو اپنے ماضی پر نظر ڈالنی چاہیے ، پیپلزپارٹی میں آپ رہے ، ق لیگ میں آپ رہے ، اب آپ عمران خان کے ساتھ ہیں ، جب نواز شریف نے آپ کو نہیں لیا تو آپ ہمیں سیسیلین جیسے القابات سے نواز رہے ہیں۔ اور اگر میں نے کچھ کہا تو جہلم میں بڑی تکلیف ہو گی۔

کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا تھا مجھے ان فلموں کا بھی پتا ہے جو بڑی خطرناک ہیں جو بنوں میں بنی ہوئی ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کہنا ہے کہ اٹلی کے معروف اسکالر نیکولو میکاؤلی نے سب سے پہلے سیاست کو اخلاقیات سے الگ کرنے کا نظریہ پیش کیا تھا۔ ان کا مطمع نظر تھا کہ آپ نے موجودہ حقائق کے تناظر میں حاصل کیا کرنا ہے۔ اگر کیپٹن صفدر کی گفتگو کو دیکھا جائے تو ایسا لگتا ہے کہ محمد صفدر نیکولو میکاؤلی کے پیروکار بن گئے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اختلافات اپنی جگہ مگر اخلاقیات کا دامن کسی صورت ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے اور بطور سیاست دان کیپٹن صفدر کو فواد چوہدری اور ان کے خاندان سے معافی مانگنی چاہیے۔

پبلک نیوز سے وابستہ صحافی اسد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیپٹن صفدر کی گفتگو کا کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” فواد چوہدری سے آپ ہزار اختلاف رکھتے ہوں مگر یہ حقیقت ہے انہوں نے کبھی شریف خاندان سے متعلق گھٹیا ذاتی اور اخلاقیات سے عاری زبان کا استعمال نہیں کیا۔ گھروں تک کے ذاتی حملے نہیں کئے مگر شریف خاندان کے داماد نے منہ کھولا تو فواد چوہدری کے ساتھ جہلم اور بنوں کے باسیوں کی بھی تضحیک کی۔”

متعلقہ تحاریر