سوئفٹ خواتین کےمخصوص ایام میں چھٹیاں دینے والی پاکستان کی پہلی کمپنی

نئی پالیسی کو ’منتھلیز‘ کا نام دیا گیا ہے جس سے ہر خاتون باآسانی مہینے میں ایک  چھٹی حاصل کرسکتی ہے۔

پاکستان کی نجی ای کامرس کمپنی سوئفٹ لاجسٹکس نے خواتین ملازمین کو ان کے  مخصوص ایام میں ہر ماہ ایک چھٹی دینے کی پالیسی متعارف کروائی ہے ،مخصوص ایام میں لی جانے والی چھٹی کے پیسے نہیں کاٹے جائیں گے اور یہ چھٹی  سالانہ چھٹیوں  کے علاوہ ہوگی۔

کمپنی کی جانب سے خواتین کے مخصوص ایام میں چھٹیوں کی نئی پالیسی کو  ’منتھلیز‘ کا نام دیا گیا ہے جس سے کمپنی  میں کام کرنے والی ہر خاتون باآسانی مہینے میں ایک  چھٹی بغیر تنخواہ کی کٹوتی کے حاصل کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

طالبان حکومت نے خواتین کے ٹی وی پروگرامز پر پابندی عائد کردی

سوئفٹ لاجسٹکس سی ای او محمد انس نے  اپنی کمپنی کی نئی پالیسی کے حوالے سےبات کرتے ہوئے بتایا کہ  "میں نے گزشتہ برسوں کے دوران اپنی کمپنی میں کام کرنے والی بہت سی خواتین کو دیکھا ہے جو اپنے مخصوص ایام میں درد کی وجہ سے بہت تکلیف میں ہوتی ہیں لیکن وہ اپنے گھر نہیں جاسکتیں کیوں کہ وہ خود کو بیمار بھی نہیں بتا سکتیں ۔ اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ  خواتین کو ان کے مخصوص ایام میں کم سے کم ایک چھٹی فراہم کی جائے ، انھوں نے  ’منتھلیز‘ پالیسی کے حوالے سےمزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ   کوئی بھی خاتون اپنے مخصوص ایام کے دوران با آسانی کمپنی کے پورٹل پر جا کر منتھلیز کی چھٹی کی درخواست کا فارم بھریں گی جو پہلے سے منظورشدہ ہو گی اور یوں وہ چھٹی حاصل کر پائیں گی۔

محمد انس نےبتایا کہ ’اس پالیسی کا مقصد معاشرے میں ماہواری کے حوالے سے پائے جانے والے منفی خیالات و رحجانات کو ختم کرنا ہے تاکہ خواتین کو ماہواری کے درد والے دن بیماری کا بہانہ بنا کر چھٹی کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔‘

متعلقہ تحاریر