پہلاٹیسٹ :اوپنرز کی شاندارسنچری شراکت، پاکستان کو جیت کےلئے 93رنز درکار
بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 202 رنز کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 109 رنز اسکور کرلئے

بنگلا دیش کے شہر چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےجانے والے میچ میں کھیل کے چوتھے روز بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 39 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو پاکستان کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے بنگلا دیش کے سب سے زیادہ تجربہ کار بیٹسمین اور پہلی اننگز میں 91رنز کی عمدہ باری کھیلنے والے مشفیق الرحیم کو 16 رنز پر بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔
مشفیق الرحیم کے بعد یاسر علی 36 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ پہلی اننگز کے سنچری میکر لٹن داس نے دوسری اننگز میں بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز اسکور کیے اور بنگلا دیش کی پوری ٹیم 157 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے دائیں ہاتھ کےتیز باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں ساجد خان اور 2 وکٹیں حسن علی کے حصے میں آئیں۔
یہ بھی پڑھیے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا
چٹاگانگ:پہلا ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم ، بنگلادیش 39 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور دونوں بیٹرز نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جبکہ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 93 رنز درکار ہیں۔ خیال رہے کہ بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں لٹن داس اور مشفیق الرحیم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت 330 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے بنگلا دیش کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا، دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ دارانہ انداز میں ہدف کا تعاقب شروع کیا اور بنگلہ دیشی باؤلرز بے خطر انداز میں سامنا کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ وقفے کے بعد عابد علی نے بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے اپنی نصف سنچری اسکور کی۔پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ نے بھی عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور لگاتار دوسری اننگز میں چھکے ذریعے ففٹی کا ہندسہ عبور کیا۔جب میچ کے چوتھے دن خراب روشنی کے سبب کھیل جلدی ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 109رنز بنائے تھے اور قومی ٹیم کو میچ میں فتح کے لیے مزید 93رنز درکار ہیں۔عابد 56 اور عبداللہ 53 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں اور لگاتار دوسری اننگز میں سنچری شراکت کی بدولت منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔









