جب مولانا آئے تھے وہ وقت تھا احتجاج کا، اب تو نئے الیکشن کا دورہے، شیخ رشید

مولانا کو مشورہ دیا ہے کہ لانگ مارچ 15 روز پہلے کرلیں یا 7 روز بعد کرلیں، 23 مارچ افواج پاکستان کا دن ہے

وزیرداخلہ شیخ رشید نے کا کہنا ہے کہ جب مولانا اسلام آباد آئے تھے وہ وقت تھا اپوزیشن کے احتجاج کا ، اب تو نئے الیکشن کا دور آگیا ہے، مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں ان کے مقاصد اور ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کی جانب سے  23مارچ کو لانگ مارچ کے اعلان پر وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے پی ڈی ایم  کو مشورہ دیا ہے کہ 23 مارچ کا دن افواجِ پاکستان کا عالمی سطح پر منایا جاتا ہے، لانگ مارچ 15 روز پہلے کرلیں یا 7 روز بعد کرلیں۔

یہ بھی پڑھیے

شیخ رشید کے بعد حریم شاہ کا مفتی عبدالقوی کو فون

کالعدم ٹی ایل پی کا معاملہ، مفتی منیب اور شیخ رشید آمنے سامنے

انھوں نے کہا کہ یہ پہلی اپوزیشن ہے جو چار ماہ پہلے قومی دن پر احتجاج کا اعلان کر رہی ہے، اپوزیشن لانگ مارچ کے احتجاج کی تاریخ بدلے ، 23مارچ کی تاریخ پر اعتراض ہے، اس دن فوجی پریڈ ہوتی ہے اور یہ پاک فوج کا عالمی سطح پر منایا جانے والا دن ہے، لانگ مارچ 15 روز پہلے یا 7 روز بعد کرلیں کیوں کہ یومِ پاکستان کی پریڈ کیلئےہمارا سارا جنگی سامان جی ٹی روڈ سے اسلام آباد پہنچتا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اپوزیشن نے ساڑھے 3 سال بعد حکومت کے خلاف احتجاج کی تاریخ دینے کا فیصلہ کیا اور وہ بھی غلط کیا،بیشتر کور ہیڈ کوارٹرز بھی جی ٹی روڈ پر ہیں، اسی لئے 6، 7 روز پہلے اسلام آباد کے بعض راستے بند کردیئے جاتے ہیں، اپوزیشن اپنے طریقے پر غور کرے، پھر اعتراض نہ کرے کہ ہمارے راستے بند کردیئے گئے،میں 3 ماہ بعد اس پر بات کروں گا کہ اس کا کیا حل نکالا جائے لیکن اپوزیشن کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہوں کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے۔

شیخ رشید نے مزیدکہا کہ مولانا فضل الرحمان جب اسلام آباد آئے تھے وہ وقت اپوزیشن کے احتجاج کا تھا ، اب تو نئے الیکشن کا دور آگیا ہے، مولانافضل الرحمان جن کے پیچھے ہیں ان کے مقاصد اور ہیں، پہلی جماعتیں ہیں جو 4 ماہ کا وقت دے کر کمپنی کی مشہوری کر رہی ہیں، نگران حکومت نہیں آرہی، عمران خان مدت پوری کریں گے، عمران خان تین چار ماہ میں مہنگائی ختم کریں گے۔

متعلقہ تحاریر