بیٹے کی شادی اور گود میں نواسا، مریم نواز کا خوبصورت انداز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز آج کل اپنے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات میں مصروف اور سیاست سے دور ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے اپنے نواسے کے ہمراہ نہایت خوبصورت تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ‘نانو، ماشااللہ’۔

مریم نواز صاحبہ نے گہرے سبز رنگ کا کامدار جوڑا زیب تن کیا ہوا ہے اور ان کی گود میں معصوم سے نواسے صاحب سنہری شیروانی پہنے بیٹھے ہوئے ہیں۔

یہ تصویر جنید صفدر کی بارات کے موقع پر لی گئی تھی، بہت عرصے بعد ایسا موقع ہے کہ شریف فیملی کے گھر خوشیاں آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بیٹے کی شادی کی تقریبات: مریم نواز سیاسی سرگرمیوں سے دور

بے نظیر اور بختاور کے ہاں بیٹوں کی پیدائش میں خوشکن مماثلت

پچھلے برس نواز شریف صاحب کی والدہ محترمہ کا انتقال ہوا، اس سے پہلے بیگم کلثوم نواز جہانِ فانی سے کوچ کرگئیں اور سنہ 2018 سے سنہ 2020 تک بیرون ملک روانگی سے قبل نواز شریف کو عدالتوں کے چکر لگانے پڑے۔

اس تمام عرصے میں ان کی اپنی صحت بھی خراب ہوئی اور وہ علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئے، جنید صفدر کی شادی پر نواز شریف کی کمی بہت محسوس کی گئی، وہ شریف فیملی کے سربراہ ہیں اور اس نسبت سے اتنی بڑی خوشی کے موقع پر ان کی عدم موجودگی سے ہلکی پھلکی اداسی بھی نظر آئی۔

جنید صفدر کی شادی پر شریف فیملی کو سیاسی مخالفین مبارک باد پیش کر رہے ہیں، جب مریم نواز نے بیٹے کی شادی کی خوشی میں گانا گایا تو اس پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ان کی تعریف کی۔

آج پنجاب کے وزیر فیاض الحسن چوہان بھی صوبائی اسمبلی پہنچے تو مٹھائی کا ٹوکرا لے گئے اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کو جنید صفدر کی شادی کی مبارک باد پیش کی۔

ہمیں ایسے ہی رویوں کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے جس میں سیاست کو سیاست تک محدود رکھا جائے اور ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں پوری سیاسی قیادت یکجا ہوجائے۔

اس سے ہمارے دشمنوں کو بھی بہت واضح پیغام ملے گا اور ملک میں برداشت اور رواداری کا فروغ ہوگا۔

متعلقہ تحاریر