دبئی ایکسپو پر اومی کرون کے سائے منڈلانے لگے
اومی کرون کے تیزی سے بڑھتے کیسز کے پیش نظر دبئی ایکسپو کے کچھ مقامات بند کیے جاسکتے ہیں،انتظامیہ

دبئی ایکسپو پر اومی کرون کے سائے منڈلانے لگے۔ اربوں ڈالر کے عالمی تجارتی میلے کی انتظامیہ نے متنبہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا کی نئی قسم اومی کرون کے تیزی سے بڑھتے کیسز کے پیش نظر میلے کے کچھ مقامات بند کیے جاسکتے ہیں۔
دبئی ایکسپو2020 کے منتظمین کا کہنا ہے کہ عملے میں وائرس پھیلنے سے میلے کے کچھ حصوں کو صفائی کے لیے عارضی طور پر بند کیا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ کرونا کی نئی قسم اومیکرون کی آمد کے بعد صرف پچھلے تین ہفتوں میں متحدہ عرب امارات میں کرونا کے یومیہ کیسز 37 سے تجاوز کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
شہزاد رائے کا پاکستانیوں کو دبئی ایکسپو میں شرکت کا مشورہ
دبئی ایکسپو میں پرفارمنس کے بعد عاطف اسلم پیرس پہنچ گئے
پیر کو دبئی حکومت کے میڈیا آفس کا جاری کردہ مبہم بیان وبائی بیماری کے سامنے آنے کے بعد دنیا کے پہلے بڑے انفرادی ایونٹ کی میزبانی کے خوفناک چیلنجوں کی نشاندہی کرتا ہے۔واضح رہے کہ دبئی ایکسپو 2020 کرونا وبا پھوٹنے کے باعث ایک سال کی تاخیر سے رواں برس اکتوبر میں شروع ہوئی تھی۔
دبئی ایکسپو کی انتظامیہ نے وائرس سے متعلق مختلف احتیاطی تدابیر نافذ کررکھی ہیں۔ میلے میں شرکت کیلیے فیس ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ یا حالیہ منفی رکونا وائرس ٹیسٹ کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔تاہم انتہائی تیزی سے منتقلی کی صلاحیت کے حامل اومیکرون وائرس نے ایکسپو کی انتظامیہ کو نئے امتحان میں مبتلا کردیا ہے۔حالیہ ہفتوں میں ایکسپو کے بڑے کنسرٹس میں سماجی فاصلے کی پابندی بری طرح نظرانداز کی گئی۔ کنسرٹس کے شرکا کاندھے سے کاندھا ملاکر ہاتھ ہلاتے رہے۔
دبئی میں ان دنوں موسم سرما کا سیاحتی سیزن عروج پر ہے اور دبئی ایکسپو دنیا بھر کے سیاحوں کا مرکز نگاہ بنا ہوا ہے ۔ دنیا بھر سے لاکھوں سیاح دبئی ایکسپومیں آرہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کرسمس کی پریڈز نے لوگوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا اور اب ایکسپو انتظامیہ نئے سال کے موقع پر پارٹی کے شوقین افراد کو راغب کرنے کے لیے بڑے کنسرٹس کی تیاری کررہی ہے۔
گزشتہ برس سال نو کی تقریبات نے امارات میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں زبردست اضافہ کیا تھا کیونکہ سیاح اس رات لاک ڈاؤن کی پابندیوں سے آزاد ہوگئے تھے۔ گوکہ اس وقت انفیکشن کاخطرہ اس سطح پر موجود نہیں لیکن تیزی سے اوپر ضرور جارہا ہے۔ منگل کو امارات میں کرونا کے یومیہ کیسز کی تعداد 1840 سے تجاوز کرگئی جو پچھلے6 ماہ میں سب سے زیادہ ہے ۔
دارالحکومت ابوظہبی کی انتظامیہ نے دبئی سے آنے والے ہائی وے پر اومی کرون وائرس کے پیش نظر جانچ پڑتال کا عمل تیز کردیا ہے۔انتظامیہ اس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ تمام ویکسینیٹڈ ڈرائیورزپچھلے 2 ہفتوں میں کرونا کی منفی ٹیسٹ رپورٹ کے حامل ہوں۔ انتظامیہ نے گھروں میں منعقدہ تقریبات کو 30افراد تک محدود کردیا ہے جبکہ یکم جنوری سے تمام اسکول آن لائن ایجوکیشن پر منتقل کردیے جائیں گے۔