مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بااثر شخصیات کو نوازنے کی تاریخ

پارٹی نے تین بار حکمرانی کی، تینوں ادوار میں صحافیوں سمیت دیگر بااثر شخصیات کو مختلف طریقوں سے نواز کر فائدے حاصل کیے گئے۔

پاکستان میں مسلم لیگ (ن) نے تین بار حکومت کی ہے اور اپنی حکومت کو مضبوط کرنے کے لیے بااثر شخصیات کو تحائف دینے کی روایت پرانی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور پرویز رشید کی آڈیو لیک کے بعد عوام میں اس بات پر تجسس پایا گیا کہ حکمرانوں کی جانب سے بااثر شخصیات کو اپنے حق میں استعمال کرنے اور بعد ازاں انہیں تحائف دینے کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیے

آڈیو ٹیپ:مریم نواز کا معافی سے انکار،صحافتی تنظیموں کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟

مریم نواز میں شرم ہوتی تو آڈیو لیک پر معافی مانگتیں، فواد چوہدری

مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مختلف شخصیات کو دیئے گئے تحائف کی تفصیلات کچھ یوں ہیں۔

عطاالحق قاسمی:

عطاالحق قاسمی کالم نگار، ڈرامہ نویس اور شاعر ہیں جنہیں 2017 میں سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔

بعد ازاں 2018 میں سپریم کورٹ نے ان کی تقرری کو غیرقانونی قرار دیا اور اس میں سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔

ابصار عالم:

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے سینئر صحافی ابصار عالم کو چیئرمین پیمرا کا عہدہ تفویض کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے ایک حکم نامے کے بعد انہیں اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا اور حال ہی میں انہیں بطور چیئرمین پیمرا وصول کی گئی تنخواہ واپس کرنے کا خط جاری کر دیا گیا ہے۔

مجیب الرحمان شامی:

مجیب الرحمان شامی ایک معروف صحافی اور کالم نگار ہیں، انہیں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے روزنامہ پاکستان اخبار کا ڈیکلریشن دے کر نوازا گیا، اس طرح پارٹی نے میڈیا میں بھی اپنا تسلط قائم کرنے کی کوشش کی۔

مجیب الرحمان شامی نے بھی غیرقانونی ذرائع آمدنی کے الزامات کا سامنا کیا، انہوں نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا اور خود کو ہر قسم کے احتساب کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔

آڈیو لیک:

مریم نواز اور پرویز رشید کی آڈیو لیک میں جیو نیوز کے ڈائریکٹر نیوز رانا جواد اور سینیر صحافی نصرت جاوید کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے دو تحائف کی ٹوکریاں بھیجنے کا کہا جا رہا ہے۔

آڈیو میں پرویز رشید ارشاد بھٹی اور حسن نثار کے لیے نہایت نامناسب زبان استعمال کر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر