اداروں کو چیلنج حریم شاہ کو مہنگا پڑگیا، ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی
ادکارہ نے ویڈیو میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ میں یہ کرنسی اسمگل کرکے لائی ہوں، مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔

ایف آئی اے نے ماڈل اور اداکارہ حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں، ایف آئی اے کا برطانیہ کی نیشنل کرایم ایجنسی کو خط لکھنے کا فیصلہ۔
خیال رہے کہ کچھ گھنٹے قبل حریم شاہ نے غیرملکی کرنسی نوٹوں کو ٹیبل پر رکھ کر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ یہ نوٹ لے کر برطانیہ آگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
منی لانڈرنگ کے ملزم نے بالی ووڈ حسیناؤں کے نام اگل دئیے
شریف فیملی نے غریب ملازمین کے ذریعے منی لانڈرنگ کی
اداکارہ نے پاکستان کا، پاکستان کے پاسپورٹ کا، پاکستانی کرنسی کا، پاکستان کے قانون کا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مذاق اڑایا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ حکومت مجھے نہیں پکڑ سکتی کیونکہ پاکستان میں قانون صرف غریبوں پر لاگو ہوتا ہے۔
حریم شاہ کی اسی ویڈیو پر ایف آئی اے نے کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو تحریری خط میں ماڈل کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
حریم شاہ کا اصل نام فضا حسین ہے، ان کے ویزے، امیگریشن اور سفری دستاویزات کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے سندھ نے بتایا کہ خاتون ماڈل کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، انہوں نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے قطر (دوحا) کیلئے سفر کیا تھا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حریم شاہ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تحقیقات میں پاکستان کسٹمز اور ائیرپورٹ سکیورٹی فورس سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔