پی ایس ایل برینڈ بن چکا، ترانے کی ضرورت نہیں، عاقب جاوید

لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ جو مقبولیت پی ایس ایل کے پہلے ترانے کو ملی وہ باقیوں کو نہیں مل سکی، پی ایس ایل برینڈ بن چکا ہے۔

پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے پی ایس ایل ٹورنامنٹ کے لیے ترانے کو غیر ضروری قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اب ایسی تشہیری مہم کی ضرورت باقی نہیں رہی۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے آغاز کے وقت اُس کی تشہیر کے لیے ترانہ ضروری تھا لیکن اب پی ایس ایل بذات خود ایک بڑی برینڈ بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

"وطن کی مٹی گواہ رہنا” یوم دفاع پر آئی ایس پی آر کا ترانہ

نوجوان ریپر نے پی ایس ایل کا ترانہ جاری کر دیا

انہوں نے کہا کہ اب پی ایس ایل میچز میں شائقین بابر اعظم، شاہین آفریدی سمیت دیگر اسٹار کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ جس طرح کا ترانہ پچھلے سال بنا اس سے ایونٹ کی کیا تشہیر ہوئی ہوگی؟ اس لیے ترانہ بنا کر پیسے نہیں ضائع کرنے چاہئیں۔

پی ایس ایل کا ایک ہی نغمہ ہونا چاہیے، ہم نے بھی کئی نغمے بنائے لیکن جو مقبولیت پہلے والے کو ملی اس کی طرح کوئی دوسرا مداحوں کو زیادہ نہیں پسند آیا، اس لیے جو ترانہ مقبول ہو چکا ہے وہی رہنے دینا چاہیے۔

سابق قومی کرکٹر نے رمیز راجا کی جانب سے چار ملکی کرکٹ سیریز منعقد کرنے کی تجویز کو اچھا قرار دیا اور کہا کہ  انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت اور پاکستان کو آپس میں کھیلنا چاہیے اور پاکستان میں بھی کھیلنے کے لیے آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز بحال ہونی چاہیے اور دونوں ممالک کو یورپ اور امریکا میں سیریز کے لیے غور کرنا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر