پی ایس ایل کے نئے ترانے میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی انٹری

موسیقار عبداللہ صدیقی نے نغمے کی دھن ترتیب دی ہے، سابق کرکٹر عاقب جاوید ترانے کو غیرضروری قرار دے چکے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل 7 کا نیا ترانہ عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے گایا ہے، یہ ترانہ آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائے گا۔

نئے ترانے پر موسیقی کی دھن عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے، ترانے پورے پی ایس ایل سیزن میں میچز کے دوران اسٹیڈیمز پر بجایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

"وطن کی مٹی گواہ رہنا” یوم دفاع پر آئی ایس پی آر کا ترانہ

پی ایس ایل برینڈ بن چکا، ترانے کی ضرورت نہیں، عاقب جاوید

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر نیا ترانہ شائقین کرکٹ کے جوش و جذبے کی عکاسی کرے گا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ عاطف اسلم نے پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ گایا ہے جبکہ آئمہ بیگ نے پچھلے ایڈیشن کے لیے بھی ‘گروو میرا’ نامی ترانے میں گلوکاری کی تھی۔

پروڈیوسر عبداللہ صدیقی کا کہنا ہے کہ ترانے کی تیاری کے لیے مجھے منتخب کرنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نغمہ بنانے کی کوشش کی ہے جو کہ شائقین کو پسند آئے۔

یاد رہے کہ پچھلے سال پی ایس ایل سیزن 6 کے لیے جاری کردہ آفیشل ترانہ ‘گروو میرا’ موسیقار ذوالفقار جبار خان نے تخلیق کیا تھا۔

ترانے میں نصیبو لعل نے اپنی اینٹری سے سب کو حیران کر دیا تھا جبکہ آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز نامی بینغ نے بھی گلوکاری کی تھی۔

اس ترانے پر شروع میں بہت تنقید کی گئی لیکن یوٹیوب پر اب تک اسے 17 لاکھ 73 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

متعلقہ تحاریر