ن لیگ کے سیکریٹری جنرل نے نواز شریف کے بیانیے کو ملیا میٹ کردیا

تجزیہ کاروں نے مزید کہا ہے کہ اگر پاکستان کے عوام بےوقوف ہو گئے ہیں تو ن لیگ ووٹ مانگنے کس سے جائے گی، کیونکہ ان کا تو نعرہ یہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو۔

پاکستان کے تین بار وزیراعظم کے عہدے پر رہنے والے میاں محمد نواز شریف کے بیانیے "ووٹ کو عزت دو” کو ان ہی پارٹی کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے مکمل طور پر ملیا میٹ کرکے رکھ دیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے احسن اقبال نے لکھا ہے کہ "جب لوگ بیوقوف ہو جاتے ہیں تو خدا انہیں تباہ نہیں کرتا۔ وہ عمران نیازی جیسے نااہل حکمرانوں کو حکومت کرنے اور سزا دینے کے لیے بھیجتا ہے۔”

یہ بھی پڑھیے

ڈیل کی خبروں پر مسلم لیگ (ن) کی پراسرار خاموشی

شہباز شریف نے ’چار لوگوں کے لیے ڈیل مانگی ہے‘، شہباز گل کا دعویٰ

احسن اقبال نے مزید لکھا ہے کہ "یہ ان لوگوں کے لیے ہے جو یہ سمجھتے تھے کہ ایک ناتجربہ کار لیڈر جس نے کبھی یونین کونسل کا کوئی رکن بھی نہیں منتخب کرایا تھا وہ نجات دہندہ ہو سکتا ہے اور اسے ملک کو دیوالیہ کرنے کے لیے ایٹمی طاقت کا سربراہ بنا دیا گیا۔”

معروف صحافی مطیع اللہ جان نے احسن اقبال کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ہے کہ "لیکن کیا ہم 1958 سے بیوقوف نہیں بنتے آرہے اور اس کے بعد کبھی عقلمند نہیں ہوئے؟

سارہ نامی ٹوئٹر صارف نے احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "کیا آپ نے ہمیں صرف بے وقوف کہا ہے۔۔۔ کیا آپ اس کی وجہ بتانا پسند کریں گے؟

احسن اقبال کے ٹوئٹ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ایک ٹوئٹر صارف حسن نے لکھا ہے کہ "آپ اپنی تصحیح کرلیں۔ جب اللہ تعالیٰ لوگوں کو نوازنا چاہتا ہے تو عمران خان جیسے لوگوں کو حکومت کرنے کے لیے چنا جاتا ہے اور جب ہم اپنے کرتوتوں کی وجہ سے عذاب میں مبتلا ہو رہے تھے تو ہم ایسے حکمرانوں کے تابع تھے جو اپنی جیب/رشتہ دار اور کاروبار سے آگے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔”

دوسری جانب احسن اقبال کے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کاروں کو کہنا ہے کہ احسن اقبال سیاست میں اایک سلجھی شخصیت کے مالک سمجھے جاتےہیں ان سے اس قسم کے بیانیے کا اندازہ نہیں تھا۔ اگر عوام بے وقوف اور ناسمجھ ہیں ، بات یہ ہے کہ جمہوریت کا سرخیل تو عوام ہی ہوتے ہیں ۔ عوام کی سوچ اور سمجھ پر جمہوریت چلتی ہے اور پروان چڑھتی ہے۔

تجزیہ کاروں نے مزید کہا ہے کہ اگر پاکستان کے عوام بےوقوف ہو گئے ہیں تو ن لیگ ووٹ مانگنے کس سے جائے گی، کیونکہ ان کا تو نعرہ یہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو۔ کیا ن لیگ اس بے وقوف عوام سے ووٹ مانگے گی ۔ اور پھر اس بیانیے کا کیا ہوا ؟ اگر ووٹ کو عزت دو کی بات کریں تو ووٹ تو عوام ڈالتے ہیں ، اور اگر عوام بے وقوف ہو گئے ہیں تو ن لیگ کا ان پر اعتماد کیسے قائم رہے گا؟ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کو احسن اقبال کے ٹوئٹ کا نوٹس لینا چاہیے اور خاص طور پر میاں محمد نواز شریف کو ان سے اس ٹوئٹ کی وضاحت مانگنی چاہیے ۔

متعلقہ تحاریر