این سی او سی نے پی ایس ایل میچز کیلئے 25 فیصد شائقین کی اجازت دے دی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز سے متعلق فیصلہ شیڈول میچز کے قریب آنے پر کرے گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کراچی میں 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کی منظوری دے دی ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے تاہم این سی او سی کے فیصلے کے بعد تقریباً 8 ہزار تماشائیوں کو پنڈال میں بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔ این سی او سی حکام کا کہنا ہے یہ فیصلہ عوام الناس کی صحت کی حفاظت کر مدنظر رکھتے ہوئے گیا ہے ۔ تمام تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

فخر پاکستان شہروز کاشف ’’ہمارے ہیرز‘‘ میں شامل کیوں نہیں؟

آسٹریلوی کپتان جیت کی خوشی میں مسلمان ساتھی کو نہیں بھولے

این سی او سی کے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت 12 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ دکھانا لازم ہوگا۔ اسٹیڈیم کے اندر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ این سی او سی کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور پی ایس ایل ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ "تماشائی کسی بھی کھیل کا بنیادی جزو ہوتے ہیں اسی چیز کے پیش نظر ہم نے اب ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کے سیزن سیون کے کراچی میچوں میں شرکت کے لیے 25 فیصد کراؤڈ کی اجازت دیتے ہوئے پروگرام کو ترتیب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایک ذمہ دار ادارہ ہے جو اپنے شائقین کرکٹ کی صحت اور حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح سمجھتا ہے اور NCOC کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل درآمد کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔

پی ایس ایل ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سلمان نصیر نے اس بات پر زور دے کر کہا ہے کہ "تاہم، ہمیں تماشائیوں کی جانب سے مکمل اور غیر مشروط تعاون کی بھی ضرورت ہوگی تاکہ محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔ یہ وہ کام ہے جو ہم این سی او سی کی ہدایات پر عمل کرکے حاصل کر سکتے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز سے متعلق فیصلہ شیڈول میچز کے قریب آنے پر کرے گا۔ لاہور میں پی ایس ایل سیزن سیون کے میچز 10 سے 27 فروری تک کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر